اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماوں کا رابطہ

Spread the love

ترجمان قومی اسمبلی نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے با ضابطہ طور پر رابطہ کیا گیا ہے جس میں ملاقات کی استدعا کی گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی جو اس وقت شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 15 ویں برسی کے سلسلے میں گڑھی خدا بخش میں موجود ہیں سے ٹیلی فون پر پی ٹی آئی کے قومی اسمبلی میں سابق چیف ویب ملک عامر ڈوگر نے رابطہ کیا اور انہیں باور کرایا کہ پی ٹی آئی کا ایک وفد جو ان سمیت شاہ محمود قریشی ، پرویز خٹک اور چند دیگر پی ٹی آئی رہنماوں پر مشتمل ہو گا۔اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کرناچاہتا ہے تاکہ پی ٹی آئی ممبران کے استعفوں پر بات کی جا سکے ۔ پی ٹی آئی کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا کہ اگر چہ پہلے جماعت کا فیصلہ تھا کہ پی ٹی آئی کے تمام 124ممبران اکھٹے اسپیکر کے سامنے پیش ہوں گے لیکن بعد ازاں ایک نمائندہ وفد بھیجنے پر اتفاق ہوا ۔

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی رہنماوں کی جانب سے رابطہ کرنے کا خیر مقدم کیا اور اس امر کا اظہار کیا کہ سیاست میں دروازے بند نہیں کئے جاتے اور سیاست دانوں میں رابطے رہنے چاہیے لیکن اس کے ساتھ ساتھ اسپیکر نے انہیں باورکرایا کہ استعفوں کی تصدیق کے معاملے میں آئین پاکستان اور قومی اسمبلی کے ضوابطہ کار میں واضح طریقہ کار موجود ہے اور اس سلسلے میں اسپیکر نےنہ صرف شاہ محمود قریشی بلکہ تمام پی ٹی آئی ممبران کو تفصیلی خطوط ارسال کر دئیے ہیں ، انہوں نےکہا کہ استعفوں کے بارے میں فیصلہ اسی دائر کار میں رہتے ہوئے سختی سے کیا جائے گا۔
قومی اسمبلی میں پی ٹی ائی کے سابق چیف ویب ملک عامر ڈوگر نے اسپیکر کا شکریہ ادا کیا اور یہ طے پایا کہ اسپیکر کی گڑھی خدا بخش سے واپسی پر پی ٹی ائی کے وفد سے ملاقات ہوگی۔