وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی فرانس میں عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں

Spread the love

وزیر اعظم شہباز شریف کی پیرس نیو گلوبل فنانشل پیکٹ سمٹ میں آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس، فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون، امریکی صدر کے نمائندہ جان کیری اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سمیت دیگر عالمی رہنماں سے بھی ملاقاتیں کی ہیں۔ ان ملاقاتوں میں دو طرفہ باہمی امور کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم محمد شہبازشریف  اورعالمی مالیاتی فنڈ کی مینجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا کی ملاقات ہوئی جس میں پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان جاری پروگرامز اور تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے گذشتہ ماہ 27مئی کوٹیلی فونک بات چیت کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کرسٹالینا جارجیوا کو پاکستان کی معاشی صورتحال سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان نے  آئی ایم ایف کے  توسیع فنڈ فیسلٹی کے نویں جائزے پر تمام مطلوبہ اقدامات اٹھا لئے ہیں۔ حکومت پاکستان آئی ایم ایف سے طے کردہ تمام شرائط کو مکمل کرنے کے لئے پر عزم ہے۔ وزیراعظم نے توقع ظاہر کی کہ آئی ایم ایف کے ایکسٹینڈڈ فنڈز فیسلٹی کے تحت مختص کئے گئے فنڈز جلد جاری کردئیے جائیں گے۔فنڈز  کے جاری ہونے سے نہ صرف پاکستان کی معاشی استحکام کے لئے جاری کوششیں مستحکم ہوں گی بلکہ عوام کو بھی ریلیف ملے گا۔ آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر نے جاری جائزے کے عمل پر اپنے ادارے کے نکتہ نظر سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات کے دوران اس سلسلے میں ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لینا کا موقع فراہم کیا۔

پیرس سمٹ کے موقع پر وزیراعظم محمد شہبازشریف   اور سعودی ولی عہد کی بھی ملاقات ہوئی ، دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ اور دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لئے اشتراک  کے عمل  کومزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کی حکومت اور عوام کے لئے خیرسگالی کے جذبات کا اظہارکیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ دلچسپی کے امور پر رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔وزیر اعظم نے فرانسیسی صدر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ترقی پذیر ممالک کے ساتھ مالیاتی انصاف پر مبنی نظام کی طرف جرات مندانہ قدم اٹھایا۔انہوں نے فرانسیسی صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کو وسائل کی عدم دستیابی،قرض اور سود کی ادائیگیوں کے بوجھ اور منجمد ترقی کے مسائل درپیش ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ نئے عالمی مالیاتی معاہدے کے تحت قرض کی دلدل میں ڈوبے ترقی پزیر ممالک کی مدد وقت کی ضرورت ہے تاکہ وہاں کے عوام کو ریلیف مل سکے،موسمیاتی تبدیلیوں کے تباہ کن اثرات نے پہلے سے مسائل کا شکار ترقی پذیر ممالک کو مزید مشکلات سے دو چار کر دیا ہے،اہم مسئلے پر عالمی اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے آپ نے اہم کاوش کی۔فرانسیسی صدر نے سربراہی اجلاس میں شرکت کرنے پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے مصرکے صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات  میں  کوپ27 کے شرم الشیخ میں ہونے والے اجلاس میں لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کو اہم پیش رفت قرار دیا ۔وزیراعظم نے کہا کہ شرم الشیخ میں جس سیاسی عزم کا اظہارکیاگیا، وہ بتدریج آگے بڑھ رہاہے، دونوں قائدین نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور انہیں مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔

وزیراعظم شہبازشریف  اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس بھی اہم ملاقات ہوئی۔ وزیراعظم نے سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے وزیراعظم کا جوابی خیرسگالی کے پرجوش جذبات سے خیرمقدم کیا۔وزیراعظم محمد شہبازشریف نے انتونیوگوترس سے گفتگو میں کہا کہ آپ کو پاکستان کا محسن تصور کرتے ہیں، سیلاب کے موقع پر آپ کی مدد بھول نہیں سکتے، موسمیاتی تبدیلیوں سے پاکستان میں ہونے والی تباہی کے آپ عینی شاہد ہیں۔وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے اقدامات کے بارے میں سیکریٹری جنرل کو آگاہ کیا۔سیلاب متاثرین کی بحالی اور ان کی دوبارہ آباد کاری ہماری اولین ترجیح ہے اور رہے گی۔انہوں نے کہا کہ ترقی پزیر ممالک میں شرح نمو بڑھانے اور مالیاتی توازن برقرار رکھنے میں نئے مسائل درپیش ہیں،کوپ 27 میں لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کو ترقی پزیر ممالک کی مالیاتی مدد کے لئے بروئے کار لایاجائے،۔ نئے عالمی مالیاتی معاہدے کے لئے پیرس میں سربراہی کانفرنس ایک اچھی اور درست سمت میں شروعات ہیں۔موسمیاتی انصاف کے ساتھ ترقی پزیر ممالک کے ساتھ عالمی مالیاتی وسائل کی تقسیم میں بھی منصفانہ رویہ درکار ہے۔سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے وزیراعظم اور ان کی حکومت کے جذبے کو سراہا۔