اقبال فورم ایران اور اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

Spread the love

اسلام آباد (ابرارحسین استوری) ایران کے اقبال فورم اور اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے ۔ ایران کی جانب سے چئیرمین اقبال فورم محمد حسین باقری اورپاکستان کی جانب سے اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے سربراہ ڈاکٹر رضا محمد نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے، مفاہمتی یاداشت کے تحت سیاسی، اقتصادی اور علمی ریسرچ کو باہمی تعاون سے فروغ دیا جائے گا۔

اسلام آباد میں منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد حسین باقری نے کہا کہ اقبال فورم ایران میں واحد تحقیقاتی ادارہ ہے جو پاک ایران مظبوط تعلقات کے حوالے سے کام کرتا ہے۔ایران اور پاکستان دو ہمسایہ ممالک ہونے کے باوجود مشترکہ فوائد حاصل نہیں کر سکے جس کی وجہ سے خطے میں ہونے والے سیکورٹی اور سیاسی حالات اثر انداز ہورہے ہیں۔ پاکستان اور ایران کے درمیان سیاحت میں پرکشش مواقع موجود ہے لیکن بدقسمتی سے ہمیں صرف اس کو زیارات تک محدود کیا ہے۔

اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے سربراہ ڈاکٹر رضا محمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ ایران میں علامہ اقبال سے منسوب ایک تحقیقاتی ادارہ کام کررہا ہے جو دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان تعلقات کی توسیع میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔امید ہے اس مفاہمتی یادداشت سے دونوں پڑوسی ممالک کو فائدہ پہنچنے میں مدد گار ثابت ہو۔ ڈاکٹر رضا محمد نے کہا پاکستانی عوام ایرانی عوام سے بے تحاشا محبت کرتے ہیں اور اس مثبت جذبہ کو دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کیلئے استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔