اورکزئی سپرلے میلہ 2023

Spread the love

پاک فوج، پولیس، مقامی عمائدین اور عوام کی مشترکہ کوششوں سے ضلع اورکزئی  میں امن و امان بحال ہوا ہے۔خیبرپختونخوا کلچر ل اینڈ ٹورزم اتھارٹی اور پاک فوج کے زیر اہتمام ضلع اورکزئی کے علاقے خراشہ خواہ ستوری خیل میں سہ روزہ جشن بہاراں میلے کا انعقاد کیا گیا ہے۔ میلے کا مقصد ضم شدہ ضلع اورکزئی میں سیاحت کے شعبے کو ایک صنعت کے طور پر متعارف کرانا اور سیاحوں کو علاقے کی خوبصورتی کو دیکھنے اور ضلع اورکزئی کی روایات اور ثقافت کا تجربہ کرنے کی دعوت دینا ہے۔

خیبرپختونخوا کلچر ل اینڈ ٹورزم اتھارٹی نے عید الفطر سے قبل پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کی مدد سے ضلع اورکزئی کو سیاحوں کے لیے کھول دیا اور اب تک ڈیڑھ لاکھ سے زائد سیاح اورکزئی کے مختلف علاقوں کا دورہ کر چکے ہیں۔

میلے میں پانچوں صوبوں کے روایتی کھانے اور اشیاء کے علاوہ علاقے کی روایات کو اجاگر کرنے کے لیے اسٹالز لگائے گئے ہیں۔

میلے کے دوران خٹک ڈانس، پیرا گلائیڈنگ، موٹر سائیکل ریس، میراتھن ریس، جیپ ریس، ٹینٹ پیگنگ، کراٹے، رسہ کشی گھوڑےاور اونٹ ڈانس سمیت مختلف تقریبات کا انعقادکیا گیا۔ اس کے علاوہ ٹرک آرٹ، ثقافتی ملبوسات، قدیم زیورات، چارسدہ کھدر، چارسدہ چپل، قراقل کیپس اور پینٹنگز کے اسٹال بھی لگائے گئے ہیں۔ شائقین کے لیے رات کے اوقات میں موسیقی اور لیزر شو کا بھی اہتمام کیا گیا

تقریبات میں بچوں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد شرکت  کر رہی ہے اور میلے سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔میلے کے انعقاد  سے سیاحوں کو علاقے میں مدعو کرنے اور مقامی لوگوں کے لیے معاشی مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔

ٹورزم کے حوالے سے مقامی نوجوانوں کے لیے تربیت کے سیشن کا بھی اہتمام کیا گیا جس کی بدولت  وہ ٹورسٹ گائیڈ کے طور پر کام کر سکیں گے اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ سیاحوں کے لیے سہولیاتی مراکز ،معلومات فراہم کرنے والے بورڈز اورریسٹ ہاؤس بھی قائم کیے گئے ہیں۔