واٹس ایپ کے نئے فیچر کی تیاری آخری مراحل میں

Spread the love

واٹس ایپ  نےصارفین کوجلد ہی بڑی مشکل سے  نکالنے کے لئے نئے فیچر کی تیاری کر رہا ہے۔واٹس ایپ صارفین اپنا ایک ہی اکاؤنٹ مختلف فون میں استعمال کرسکیں گے۔

واٹس ایپ کی مرکزی کمپنی میٹا کے مطابق انسٹینٹ میسجنگ ایپ کے صارفین متعدد فونز میں اپنا مرکزی اکاؤنٹ استعمال کر سکیں گے۔یہ فیچر آئندہ ہفتوں میں تمام صارفین کے لیے متعارف کرا دیا جائے گا۔

دوسرے فون میں اپنا واٹس ایپ اکاؤٹ استعمال کرنے کے لیے صارفین کو ایپلی کیشن فریش انسٹال کرنی پڑے گی۔ عمومی طریقے سے لاگ اِن کرنے کے بجائے صارف کو نیا ’لِنک ٹو ایگزسٹنگ اکاؤنٹ‘ آپشن دبانا ہوگا۔ ایسا کرنے سے ایک کیو آر کوڈ ظاہر ہوگا جس کو مرکزی اکاؤنٹ والا فون ’لنک اے ڈیوائس‘ آپشن کے تحت اسکین کرے گا۔ یہ نیا فیچر آئی او ایس اور اینڈرائیڈ دونوں ڈیوائسز میں کام کرے گا۔

واٹس ایپ کی جانب سے متعارف کرایا جانے والا یہ فیچر ان تمام افراد کے لیے سود مند ثابت ہوگا جو روزانہ کی بنیادوں پر ایک سے زیادہ اسمارٹ فون استعمال کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ان کے تمام فون ایک ہی واٹس ایپ اکاؤنٹ سے جڑے رہیں۔

رپورٹس کے مطابق وہ فون جس میں اصل میں واٹسیپ اکاؤنٹ لاگ ان ہے وہ ’پرائمری‘ ڈیوائس کہلائے گا اور دوسرے فونز، اینڈرائیڈ ٹیبلیٹ یا کمپیوٹر پر پیغام موصول کرنے کے لیے اس کا آن ہونا بھی ضروری نہیں ہوگا۔ البتہ واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ اگر پرائمری ڈیوائس 14 دنوں تک غیر فعال رہی تو دیگر ڈیوائسز کو لاگ آؤٹ کر دیا جائے گا۔اور صارفین کو نیا اکاونٹ بنانے کی بھی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔