قائداعظم محمد علی جناح کا 146واں یوم پیدائش

Spread the love

25دسمبر کو پوری قوم قائد اعظم محمد علی جناح کایوم پیدائش ملی جوش و جذبے کے ساتھ مناتی ہے ۔ بانیِ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح نے برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کے حقوق کی آئینی اور سیاسی جنگ اس احسن طریقے سے لڑی کہ آج ہم سب اس وطنِ عزیز پاکستان میں آزادی سے سانس لے رہے ہیں۔ قائد اعظم کی جدوجہد نہ صرف ایک اکثریت کی اقلیتوں کے حقوق کو عددی برتری کی بنا پر سلب کرنے کے نظریے کے خلاف تھی بلکہ مسلمانوں کی ایک علیحدہ قوم کے طور پر معاشی، معاشرتی، سیاسی، تہذیبی پہچان اور ایک منفرد طرزِ زندگی کو بحال کرنے اور اس حوالے سے ان کو اقوامِ عالم میں ایک نمایاں مقام دلوانے کے لئے تھی۔

قائد محمد علی جناح نے مسلمانانِ برِ صغیر کو ان کے حقوق کا نہ صرف صحیح معنوں میں ادراک کروایا، بلکہ اس بات کو بھی یقینی بنایا کہ آزادی کی صورت میں مسلمان اپنی زندگیوں کو امن و سکون، مذہبی اور تقافتی آزادی کے ساتھ گزار سکیں اور انہیں ترقی کے یکساں مواقع حاصل ہوں. اس کے ساتھ ساتھ قائد کی جدوجہد نہ صرف مسلمانوں کی ایک علیحدہ اور آزاد ریاست کا قیام تھا بلکہ ایک ایسی ریاست کا بھی قیام تھا جس میں اقلیتیں بغیر کسی خوف و خطر اپنی زندگیاں گزاریں اور انہیں ترقی کے یکساں مواقع کے ساتھ ساتھ مکمل مذہبی آزادی میسر ہو۔

کراچی میں بابائے قوم کے مزار پر تعینات گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔تقریب میں پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے کیڈٹس نے مزارِ قائد کی سکیورٹی کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی میجر جنرل عمر نسیم تھے جنہوں نے گارڈز کا معائنہ کیا۔ اعزازی گارڈز نے مہمان خصوصی میجر جنرل عمر نسیم کو جنرل سلام پیش کیا اور انہوں نے مہمانوں کی کتاب پر تاثرات بھی درج کیے۔تقریب میں پاک فضائیہ کےکیڈٹس گارڈز کے فرائض پاکستان آرمی کے کیڈٹس کےحوالے کیے گئے۔

خیال رہے کہ قائد کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب سال میں 3 بار، 14 اگست، 6 ستمبر اور 25 دسمبر کو منعقد ہوتی ہے۔ تقریب میں پاک نیوی، پاکستان ائیر فورس اور پی ایم اے کاکول کے کیڈٹس بالترتیب ذمہ داریاں سنبھالتے ہیں۔

صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ درست  وقت پر درست فیصلے کریں گے ۔ قائداعظم کے فرمودات پر عمل کرتے ہوئے ملک کو مستحکم بنائیں گے۔ آج قائد کے  جمہوری اقدار کے وژن کو برقرار رکھنے کا عہد کریں گے۔ اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط پر عمل کرتے ہوئے خوشحالی اور ترقی کی طرف سفر کریں ۔

صدرمملکت کا کہنا تھا کہ قائداعظم نے کہا تھا کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ قوم اس شہ رگ کو دشمن کے قبضے میں رکھنے کی اجازت نہیں دے سکتی ۔ کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔

صدر پاکستان نے کہا کہ قائداعظم نےکہا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، کوئی قوم اپنی شہ رگ کو دشمن کے قبضے میں رکھنے کی اجازت نہیں دے سکتی، کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھنےکا عہد کرتے ہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف نے قائد اعظم کے یوم پیدائش پر اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت میں حالیہ ادوار میں بڑھتی ہوئی مذہبی منافرت، فسادات اور ہندتوا کی انتہاپسند سوچ کی وجہ سے بھارت بطورِ ریاست اقلیتوں کے تحفظ میں ناکام ہے ۔ایسی صورتحال قائد اعظم محمد علی جناح کی دور اندیشی اور ان کے دو قومی نظریے کیلئے دی گئی دلیلوں کی صداقت کو ثابت کرتی ہے۔

قائد اعظم کی زندگی اصول پسندی، آئینی جدوجہد، سیاسی بصیرت، ایمان، اتحاد اور تنظیم کے زریں اصولوں کا عملی نمونہ تھی. پاکستانی قوم کو آج قائدِ اعظم کے فرمودات اور وضع کردہ اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی سب سے ذیادہ ضرورت ہے ۔ قائد کے پاکستان میں کسی کو لسانی، طبقاتی، مذہبی اور عددی بنیادوں پر فوقیت حاصل نہیں. پاکستان کا وفاقی آئین قائدِ اعظم کے چودہ نکات کی صحیح معنوں میں نمائندگی کرتا ہے جس کے تحت ہر اکائی کی انفرادی خوبصورتی کو ماند کئے بغیر سب کو یکساں ترقی و خوشحالی کے مواقع حاصل ہیں۔

پاکستان اس وقت ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے اور ہمیں جتنا آج قائد کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے شاید اس سے پہلے کبھی نہ تھی۔بانی پاکستان قائدِ اعظم کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا اس سے بہتر کوئی اور طریقہ نہیں کہ ہم قائد اعظم کے سنہری اصولوں پر عمل کرکے پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنائیں۔ ہمیں اندرونی خلفشار کو ختم کرکے مل کر سرزمینِ پاکستان کی ترقی کیلئے شبانہ روز محنت کرنی ہے۔

میری آج کے دن والدین اور اساتذہ سے بھی گزارش ہے کہ وہ نسلِ نو کو قائدِ اعظم اور تحریکِ پاکستان کے دیگر قائدین کی زندگیوں کے بارے میں آگاہی فراہم کریں تاکہ نسلِ نو کو نہ صرف پاکستان کے قیام کی جدوجہد کے بارے میں پتا چلے بلکہ وہ ان کی زندگیوں کو مشعلِ راہ بنا کر ملک کی ترقی و خوشحالی میں ایک نئے جوش و جذبے سے اپنا کردار ادا کر سکیں۔ آئیں آج یومِ قائد پر یہ عہد کریں کہ ہم پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے قائد کی زندگی سے راہنمائی حاصل کرکے ان اصولوں پر عمل پیرا ہوں گے۔

One thought on “قائداعظم محمد علی جناح کا 146واں یوم پیدائش

  1. relaxing october coffee jazz

    relaxing october coffee jazz

Comments are closed.