بنی گالہ ایک بار پھر احتجاج کا مرکز بن گیا

Spread the love

خیبرپختونخوا کی جامعات کے ملازمین اور اساتذہ کا بنی گالہ کے باہر احتجاج پر ہیں ۔ احتجاج کے موقع پر پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ ملازمین نے مطالبات کے حق میں نعرے لگائے۔ اور تحریک انصاف کی حکومت سے 2016 ایکٹ کے نفاذ کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔

مظاہرین نے دیس اُردو سے گفتگو میں بتایا کہ حکومت نے 2012 میں ایک ایکٹ منظور کیا جسے 2016 میں نافذ کیا گیا ۔ اس کنٹریکٹ کےنفاذ کے بعد سینکڑوں ملازمین کو بے روز گار کر دیا گیا۔ ایسے ظالمانہ اقدامات سے اُن کے روز گار کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں ۔

ملازمین کا کہنا تھا کہ کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر کیا جائے۔اور تمام سہولیات فراہم کی جائیں ۔ جن کو نوکری سے نکالا گیا انہیں بحال کیا جائے ۔ مظاہرین نے خبردار کیا کہ جب تک مطالبات پورے نہیں ہوتے احتجاج جاری رہے گا۔

دوسری جانب دو روز سے جاری احتجاج کے باوجود تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ان مظاہرین کے مطالبات نہیں سنے۔ نہ ہی خیبرپختونخوا کے وزراء نے ان سے مذاکرات کیے ہیں۔