چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے حامد رضا کی ملاقات

Spread the love

سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے چئیرمین تحریک انصاف عمران خان سے خصوصی طور پر ملاقات کی ۔ اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،ملکی سیاسی صورتحال اور دیگر اہم معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے حکمران جماعت کی جانب سے ریاستی وسائل کے ذریعے چئیرمین تحریک انصاف کے خلاف مذہبی منافرت کو ہوا دینے کی کوششوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے عمران خان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجرموں اور کرپٹ کرداروں پر مشتمل حکمران اتحاد ملک میں مذہبی انتشار چاہتا ہے ۔ اسلاموفوبیا کے تدارک اور ناموس رسالتؐ کی پاسبانی کے حوالے سےچئیرمین تحریک انصاف کی خدمات بے مثال اور قابل تحسین ہیں ۔ سیاست میں مسلسل شکست سے دوچار گروہ اپنی سیاست بچانے کے لئے ایسے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے۔

صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ حکمران اتحاد کو متنبہ کرتے ہیں کہ اس قسم کی کوششوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ ان کی نالائقی اور نااہلیوں کی وجہ سے ملک پہلے ہی انتشار اور معاشی بدحالی کی دلدل میں ہے ۔ عمران خان کے اتحادی ہیں اور ان کی حقیقی آزادی کی تحریک میں انکا ساتھ دیتے رہیں گے ۔

چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے صاحبزادہ حامد رضا اور سنی اتحاد کونسل کا حمایت پر شکریہ ادا کیا۔