فیصل حسنین پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیف ایگزیکٹو مقرر

Spread the love

فیصل حسنین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے نئے چیف ایگزیکٹو مقرر کردیئے گئے ہیں، وہ وسیم خان کی جگہ اگلے ماہ عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ فیصل حسنین نے انگلینڈ سے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کی ڈگری حاصل کررکھی ہے، ان کا اسپورٹس  ایڈمنسٹریشن اور فائنانس میں 35 سال کا تجربہ ہے، سٹی گروپ سعودی ایمریکین بنک لندن کے فنانشل کنٹرولر بھی رہ چکے ہیں جب کہ آئی سی سی کے چیف فنانشل آفیسر اور زمبابوے کرکٹ کے ایم ڈی رہ چکے ہیں۔

پی سی بی کے چیئرمین اور سابق ٹیسٹ کرکٹر رمیز راجا نے فیصل حسنین کو چیف ایگزیکٹو پی سی بی بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ فیصل حسنین کو بحیثیت چیف ایگزیکٹو پی سی بی فیملی میں خوش آمدید کہتا ہوں، پیشہ ورانہ مہارت کے باعث انہیں دنیا بھر میں جانا جاتا ہے ۔

چیف ایگزیکٹو کے عہدے پر تعینات فیصل حسنین نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں کام کا موقع ملنا فخر کی بات ہے، چیئرمین پی سی بی کی سوچ اور پاکستان کرکٹ کے فینز کی خواہشات کے مطابق پاکستان کرکٹ کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہوں۔