تھائی لینڈ میں ڈے کیئر پر فائرنگ،بچوں سمیت38افرادہلاک

Spread the love

تھائی لینڈ میں بچوں کی نرسری میں اندھادھند فائرنگ کاخوفناک واقعہ 23 بچوں سمیت 38 افراد کی جان لے گیا۔ یہ واقعہ ملک کے شمال مشرقی صوبے نونگ بُوآ لَمپھو میں پیش آیا۔ اس حملے میں 12 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ جنھیں نونگ بوا لامفو کے ضلعی ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

تھائی دارالحکومت بنکاک سے ملنے والی رپورٹس کے مطابق یہ نرسری دراصل ایک ڈے کیئر سینٹر ہے۔ جہاں زیادہ تر ملازمت پیشہ والدین  اپنے کم سن بچوں کو چھوڑ جاتے تھے۔پولیس نے تصدیق کی کہ  مسلح حملہ آور سابق پولیس اہلکار ہے ۔ اس نرسری میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔اس شوٹنگ کے بعد ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ۔

پولیس نے حملہ آور کی شناخت پانیا کمرب کے طور پر کی ہے جسے واقعے کے بعد ایک سفید ٹویوٹا پِک اپ ٹرک میں فرار ہوتے دیکھا گیا جس پر بینکاک کی رجسٹریشن پلیٹ نصب تھی۔حملہ آور پر نشہ کرنے کے الزامات تھے اور انہی الزامات پر وہ عدالت پیش بھی ہوا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس حملے کے بعد جب ملک کے شمال مشرقی صوبے نونگ بوا لامفو میں ملزم کی تلاش کے لیے آپریشن کیا گیا تو حملہ آور نے اپنے اہلخانہ کو ہلاک کرنے کے بعد خودکشی کر لی۔

دوسری جانب تھائی لینڈ کے عام شہریوں میں آتشیں اسلحے کی ملکیت کا رجحان اس خطے کے دوسرے ممالک کے مقابلے میں کافی زیادہ ہے۔ سرکاری طور پر ایسے ہتھیاروں کے لیے لائسنس لینا لازمی ہوتا ہے لیکن اس جنوب مشرقی ایشیائی ملک میں عام شہریوں کے پاس غیر قانونی ہتھیار بھی کافی بڑی تعداد میں ہوتے ہیں۔

تھائی لینڈ میں اندھا دھند فائرنگ کر کے بیک وقت کئی افراد کو قتل کر دینے کے واقعات شاذ و نادر ہی دیکھنے میں آتے ہیں۔ ایسے ہی ایک واقعے میں 2020ء میں جائیداد کی خرید و فروخت کے ایک تنازعے میں ایک فوجی نے مشتعل ہو کر یکے بعد دیگرے چار مقامات پر بے دریغ فائرنگ شروع کر دی تھی۔اس ملزم کی طرف سے شوٹنگ کے ان واقعات میں مجموعی طور پر کم از کم 29 افراد ہلاک اور 57 زخمی ہو گئے تھے۔