ہندوستانی افواج میں خواتین اہلکار بھی غیر محفوظ

Spread the love

ہندوستانی افواج، ہندوستان کے لئے بد نامی کا باعث بن چکی ہے۔ گزشتہ 3سالوں میں 123خواتین اہلکاروں نے جنسی ہراسگی اور زیادتی کی شکایات کیں۔ 2007سے اب تک ہندوستانی افواج میں خواتین اہلکاروں کے ساتھ جنسی زیادتی کے1243 واقعات رونما ہو چکے ہیں ۔ 2015سے2017کے درمیان درجن سے زائد خواتین آفیسرز نے سینئر افسران کے ہاتھوں زیادتی کا دعویٰ کیا۔

رپورٹس کے مطابق 2019میں تبت بارڈر پولیس کی ڈپٹی کمانڈنٹ کرنجیت کور نے ہندوستانی افواج میں خواتین اہلکاروں کے وسیع پیمانے پر استحصال کا دعویٰ کیا۔ کرنجیت کورکا کہنا تھا کہ ہندوستانی افواج میں خواتین اہلکاروں کو مرد اہلکاروں کو خوش کرنے کے لیے بھرتی کیا جا تا ہے۔2021میں ہندوستانی فضائیہ کی خاتون پائلٹ نے سینئرسکواڈرن لیڈ ر کے خلاف ہراسگی اور جنسی زیادتی کی شکایت کی ۔ واقعہ پر مٹی ڈالنے کے لیے بھارتی فضائیہ نے الٹا خاتون اہلکار کو سزا کے طور پر دُور دراز علاقے میں پوسٹ کر دیا ۔

2005میں سکواڈرن لیڈر انجلی گُپتا کو ائیر مارشل انیل چوپڑا کی طرف سے دست درازی کی شکایت پر سروس سے ہی معطل کر دیا گیا۔2007میں کیپٹن نیہا راوت نے میجر جنرل اے کے لعل کے خلاف جنسی زیادتی کی شکایت کی۔2008میں کیپٹن پونم کور کا بالا افسران کے خلاف اجتماعی زیادتی کی شکایت پر کورٹ مارشل کر دیا گیا۔

رپورٹس میں بتایا گیا کہ 2010میں میجر میگھا گُپتا نے کرنل انورادھ مِشرہ کے خلاف جنسی زیادتی کا دعویٰ کیا لیکن بھارتی فوج نے  کرنل مِشرہ کو وارننگ دے کر چھوڑ دیا۔ 2014میں حاضر سروس آفیسر کرنل اجیت کمار کی اہلیہ نے بریگیڈئیر جے سنگھ کے خلاف جنسی بلیک میلنگ کا الزام عائد کیا۔انکار کرنے پر سٹیشن کمانڈر بریگیڈئیر جے سنگھ نے کرنل اجیت کمار سے گھر خالی کروا ڈالا۔بالا افسران کے ہاتھوں جنسی زیادتی، استحصال اور شکایات کی شنوائی نہ ہونے پر خواتین اہلکا ر خود کشی کرنے پر مجبورہیں۔

عالمی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ 2006میں لیفٹیننٹ سشمیتا چکروتی نے کمانڈنگ آفیسر کے ہاتھوں مسلسل جنسی استحصال سے تنگ کر کمیشن کے10ماہ بعد ہی خود کُشی کر لی تھی ۔ دسمبر2016میں جنسی ہراسگی کا شکار میجر انیتا کماری نے جموں میں گولی مار کر خود کشی کر لی تھی ۔

اکتوبر 2019میں پُونا میں لیفٹیننٹ رَشمی مِشرہ نے مسلسل جنسی استحصال سے تنگ آ کر دوپٹے کا پھندہ بنا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا تھا ۔رواں سال بھی بھٹنڈا میں فوجی جوان نے جنسی زیادتی کے بعد4اہلکاروں کو گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔

ہندوستانی افواج کے بیرون ملک جنسی استحصال اور بداخلاقی کے قصے بھی ڈھکے چھپے نہیں ۔ کانگو میں امن مشن پر مامور بھارتی فوجی جنسی استحصال میں ملوث پائے گئے۔3ہندوستانی پیس کیپرز کوساؤتھ افریقہ میں خاتون کے ریپ پر جیل کی سزا سنائی گئی۔