وزیرخارجہ بلاول بھٹوزرداری 4روزہ دورے پر جاپان پہنچ گئے

Spread the love

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری جاپان کے چار روزہ سرکاری دورے پر ٹوکیو پہنچ گئے۔جاپان میں پاکستان کے سفیر رضا بشیر تارڑ، جاپانی وزارت خارجہ کے حکام اور پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے بلاول بھٹوزرداری کا استقبال کیا۔

وزیر خارجہ کا دورہ جاپان کے ساتھ کافی وقفے کے بعد قیادت کی سطح پر رابطوں کی بحالی کا اشارہ دیتا ہے۔ وزیر خارجہ دورے کے دوران اپنے جاپانی ہم منصب یوشیماسا حیاشی سے وفود کی سطح پر بات چیت کریں گے۔اس کے علاوہ وہ جاپان کے قومی سلامتی کے مشیر ٹیکیو اکیبا کے ساتھ بھی ملاقات کریں گے۔ وزیر خارجہ ایشیائی ترقیاتی بینک انسٹی ٹیوٹ میں خطاب کریں گے جو جاپان کا ایک مشہور تھنک ٹینک ہے۔ پاکستان اور جاپان کے طویل عرصے سے تعلقات قائم ہیں جس کی خصوصیت گرمجوشی، دوستی اور مسائل پر مشترکہ خیالات ہیں۔ وزیر خارجہ کی جاپان میں پاکستانی افرادی قوت کی درآمد سے متعلق ممتازبزنس ہائوسز اور اداروں کی نمائندگی کرنے والے سینئر حکام اور ایگزیکٹوز سے بھی بات چیت متوقع ہے۔