پاکستان اور قازقستان کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت کا دوسرا دور آج آستانہ میں ہوگا

Spread the love

پاکستان اور قازقستان کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا دوسرا دور آج قازقستان کے شہر آستانہ میں شروع ہو رہا ہے ۔ پاکستان کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری افغانستان اور مغربی ایشیا سید احسن رضا شاہ کریں گے۔ قازقستان کی طرف سے نائب وزیر برائے خارجہ امور کنات تمیسٹ قیادت کریں گے۔ مشاورتی اجلاس میں دونوں ممالک کے مابین باہمی دلچسبی کے معاملات کا جائزہ کیا جائے گا۔

قازقستان اور پاکستان کے درمیان مشاورت کے دوران دونوں فریقین پاکستان اور قازقستان کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے سیاسی، تجارتی، اقتصادی، رابطوں، سائنس و ٹیکنالوجی، ثقافتی اور عوام سے عوام کے تعلقات کے تمام شعبوں کا جائزہ لیں گے۔

پاکستان اور قازقستان کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت کا افتتاحی اجلاس 28 فروری 2020 کو اسلام آباد میں منعقد ہواتھا۔پاکستان کی طرف سے سیکریٹری خارجہ سہیل محمود نے قیادت کی جبکہ قزاقستان کی طرف سے وفد کی نمائندگی اول نائب وزیر خارجہ شخارت نوریشیوف نے کی تھی۔

دوطرفہ سیاسی مشاورت ایک اہم طریقہ کار ہے جس کے تحت دونوں ممالک کی خارجہ امور کی وزارتیں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلووں پر تفصیل سے غور کرتی ہیں ۔ ان کا جائزہ لیتے ہوئے مستقبل میں تعاون کے نئے امکانات کو تلاش کرتی ہیں۔سیکریٹری خارجہ نے قزاقستان کے وفد کو پاکستان کے اندرآنے والی سیاسی و معاشی مثبت تبدیلیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں سرمایہ کار دوست ماحول پیدا ہوا ہے جس کی وجہ عالمی سطح پر پاکستان کی معاشی درجہ بندی میں آنے والی بہتری ہے، پاکستان میں معاشی استحکام اور سیاحت وسرمایہ کاری کے لئے اس کی صلاحیت کا اعتراف کیاجارہا ہے۔

سیکریٹری خارجہ نے قزاقستان کے وفد کو بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین صورتحال ، بھارتی جنگی جنون اور جارحانہ رویہ کے منفی اثرات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ عالمی برادری اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق جموں وکشمیر کے پرامن حل کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔

اجلاس میں علاقائی اور عالمی پیش ہائے رفت پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ سیکریٹری خارجہ نے افغانستان مین امن واستحکام کے ساتھ ساتھ افغان امن ومفاہمتی عمل کے لئے پاکستان کی پختہ اور مسلسل حمایت کو بیان کیا۔دونوں طرف سے اس عزم کا اعادہ کیاگیا کہ دوطرفہ تعلقات کو مزید بڑھانے اور ان کو مضبوط بنانے کے لئے نئے امکانات اور مواقع تلاش کئے جائیں۔

اس وقت یہ فیصلہ کیاگیا کہ پاکستان اور قزاقستان میں سیاسی مشاورت کا آئندہ دور قزاقستان کے دارالحکومت نورسلطان میں 2021ءمیں ہوگا۔ کیونکہ کووڈ کے باعث یہ اجلاس ملتوی کر دیا گیا تھا۔