پاکستان میں بادل کب برسیں گے،محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کردیا

Spread the love

محکمہ موسمیات نے آج سے 30 جون تک ملک بھر میں پری مون سون بارشوں کی پیش گوئی کر دی جس کی وجہ سے موجودہ شدید گرمی کی لہر میں کمی کا امکان ہے۔

موسم کا احوال بتانے والوں کے مطابق 25 سے 30 جون کے درمیان اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف شہروں، کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختون خواہ میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلادھار بارش کی توقع ہے۔ اس سسٹم کے زیر اثر بلوچستان، جنوبی پنجاب اور سندھ کے مختلف شہروں میں 26 جون سے 29 جون کے درمیان آندھی، گرج چمک اور موسلادھار بارش کی پیش گوئی گئی ہے۔وفاقی وزیربرائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان کا کہنا ہے کہ شدید بارشوں کی صورت میں شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ جبکہ پہاڑی علاقوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا اندیشہ ہے۔ تمام متعلقہ اور مقامی اداروں کو الرٹ رہنے اور سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہیں۔ شہریوں سے درخواست ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے  تیز ہوائوں اور بارشوں کے دوران کمزور انفرا اسٹرکچر، بجلی کے کھمبوں اور ندی نالوں سے دور رہیں۔

دوسری جانب گذشتہ چوبیس گھںٹوں کے دوران بالائی پنجاب، کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا اور بارکھان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش بلوچستان کے علاقے بارکھان 27 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ۔ پنجاب میں راولپنڈی کے علاقے شمس آباد 24 ، چکلالہ میں 6 ، جہلم میں 24، اسلام آباد کے زیروپوائنٹ پر 12، گولڑہ میں 2، بوکرہ ، سید پور میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ منگلہ کے مقام پر 4، مری میں 3، آزاد کشمیرمیں راولاکوٹ میں 20، مظفر آباد سٹی میں 16، ائیر پورٹ پر 12 ،کوٹلی میں3، خیبر پختونخوا میں مالم جبہ کے مقام پر 15، بالاکوٹ میں 10 سیدوشریف میں 5 اور زیریں دیر میں 3ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ گزشتہ روز زیا دہ سے زیادہ درجہ حرارت مِں دالبندین49، نوکنڈی 48اورسبی میں46 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔