دنیا کےمختلف ملکوں میں روزے کا دورانیہ مختلف کیوں!

Spread the love

دنیابھر میں ماہ مقدس یعنی رمضان المبارک کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔ اس سال جغرافیائی محل وقوع کے لحاظ سے مختلف ممالک میں روزے کے اوقات 10 سے 18 گھنٹے تک ہوں گے۔روزے کے اوقات میں فرق بنیادی طور پر زمین کے جھکاؤ اور سورج کی پوزیشن کی وجہ سے دن اور رات کی لمبائی میں فرق پڑنے کی وجہ سے ہوتا ہے۔

جنوبی نصف کرے میں واقع لاطینی امریکی ملک چلی میں روزے کا دورانیہ دنیا میں سب سے کم ہوگا جہاں روزے کا اوسط دورانیہ 11 گھنٹے 30 منٹ کا ہوگا۔ اس کے بعد جنوبی افریقا، ارجنٹینا، نیوزی لینڈ، پیرا گوئے اور یورو گوئے میں روزوں کا دورانیہ11 سے 12 گھنٹے ہوگا۔

برازیل، کینیا،زمبابوے اور انڈونیشیا میں 12 سے 13 گھنٹے  کا روزہ ہو گاجبکہ سنگا پور،بھارت، ملائیشیا، سوڈان اور یمن میں یہ دورانیہ 13 سے 14 گھنٹے کے درمیان ہوگا۔

پاکستان، جاپان، ایران، عراق، شام، فلسطین، بھارت، متحدہ عرب امارات، قطر اور سعودی عرب میں روزے کا دورانیہ 14 سے 15 گھنٹے کے درمیان ہوگا۔

یورپی ملک آئس لینڈ، گرین لینڈ جزیروں  کے بیشتر حصوں میں روزوں کا دورانیہ سب سے طویل ہوگا جو 18گھنٹے تک ہوگا۔اس کے بعد فرانس، پولینڈ ،انگلینڈ،فن لینڈ،کینیڈا ایسے ممالک ہیں جہاں روزوں کا دورانیہ 16 سے 17 گھنٹے کے درمیان ہوگا۔سوئٹزرلینڈ،اٹلی، اسپین، یونان، پرتگال، چین، امریکا، ترکیہ، شمالی کوریا میں یہ دورانیہ 15 سے 16 گھنٹوں کے درمیان ہوگا۔

ایسے ممالک جہاں سورج طلوع اور غروب ہونے کے درمیان 3 گھنٹے سے بھی کم وقت ہوگا، وہاں کے مسلمان رہائشی دیگر ممالک کے شیڈول پر عمل کریں گے۔جیسے وہاں کے رہائشی مکہ مکرمہ کے سحر اور افطار کے شیڈول پر عمل کر سکیں گے۔