جنوبی وزیرستان میں شہید ہونے والے بریگیڈیر مصطفے کمال برکی سپردِ خاک

Spread the love

جنوبی وزیرستان کے علاقے انگور اڈہ میں دہشت گردوں سے مقابلے کے دوران شہید ہونے والے بریگیڈیئر مصطفی کمال برکی کو فوجی اعزاز کے ساتھ آرمی قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کےمطابق ان کی نماز  جنازہ ریس کورس راولپنڈی میں ادا کر دی گئی جس میں صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی ، وزیراعظم  محمد شہباز شریف ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا ،  آرمی چیف  جنرل سید عاصم منیر ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹننٹ جنرل  ندیم احمد انجم  ،حاضر سروس  اورریٹائرڈ فوجی افسروں ، جوانوں ، سرکاری حکام ، ارکان پارلیمنٹ  اور  شہریوں کثیرتعداد نے کثیرتعداد میں شرکت کی ۔

بریگیڈیر مصطفی ٰکمال برکی شہید شاندار فوجی کیرئر کے مالک رہے ہیں۔  انسداد دہشت گردی آپریشنز  اور خیبرپختونخوا ، بلوچستان میں دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کو توڑنے میں ا ن کا نمایاں کردار رہا   ہے۔

بریگیڈیر مصطفی کمال برکی شہید  نے2016 میں سانحہ اے پی ایس پشاور میں ملوث دہشت گردوں کے  نیٹ ورک کو بے نقاب کرکے ان کو کیفر کردار تک پہنچایا۔ پوری قوم مادر وطن کے دفاع میں  اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے پر بریگیڈیر مصطفی کمال برکی شہید  کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔   دہشت گردی کی اس لعنت کو ہر قیمت پر ختم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔

پاکستان کی مسلح افواج اور خفیہ اداروں کے اس عزم   کو شہداء کی قربانیوں سے مزید تقویت ملتی ہے کہ دہشت گردی کی لعنت کو ہر قیمت پر ختم کیا جائے گا۔