توہین الیکشن کمیشن کیس،میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وارنٹ گرفتاری معطل

وزیراعظم عمران خان نے میاں چنوں واقعے پر نوٹس لے لیا
Spread the love

لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی  بینچ نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کے وارنٹ گرفتاری معطل کردیے۔ جسٹس صداقت علی خان نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو نوٹس بھی جاری کردیا ہے۔ دوران سماعت تحریک انصاف کی جانب سے فیصل چودھری اور علی بخاری ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ سینیئر وکیل فیصل فرید کے توسط سے دائر درخواست میں ہائی کورٹ سے استدعا کی گئی کہ ’غیر قانونی اور معقول استدلال سے عاری ہونے کی وجہ سے الیکشن کمیش کے وارنٹ گرفتاری کو کالعدم قرار دیا جائے کیونکہ وارنٹ گرفتاری قانون اور آئین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جاری کیے گئے تھے۔

الیکشن کمیشن نے عمران خان اور دیگر کے خلاف مبینہ طور پر چیف الیکشن کمیشن اور الیکشن کمیشن کے خلاف غیر مہذب زبان اور توہین آمیز ریمارکس پر توہین عدالت کی کارروائی شروع کی تھی اور 13 ستمبر 2022 کو نوٹس جاری کیا تھا۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے 17 جنوری کو حاضری کے لیے عمران خان اور فواد چودھری کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کر رکھے ہیں۔