ایک بندے کا دو عہدے سنبھالنا روایت بن چکی، وزیراعظم کو پھر وزیراعلی پنجاب بھی ہونا چاہیے،اسلام آباد ہائی کورٹ

Spread the love

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کیپٹن ریٹائرڈ عثمان یونس کی بطور چیف کمشنر اور چیئرمین سی ڈی اے تقرری کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔دوران سماعت جٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے کہ یہ روایت بن چکی ہے کہ ایک بندہ دو عہدے سنبھالتا ہے ۔ وزیراعظم کو پھر وزیر اعلیٰ پنجاب بھی ہونا چاہیے۔ اس طرح فیصلے جلدی ہو جائیں گے ۔ کمشنر کو اگر دوسری ذمہ داری دے دیں تو وہ اس عہدے پر زیادہ توجہ نہیں دیتے ۔

ریاض حنیف راہی ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ اُن کی اطلاعات کے مطابق چیئرمین سی ڈی اے تبدیل ہو رہے ہیں،جو نئے چیئرمین آئیں گے وہ بھی دو عہدے سنبھالیں گے ۔ اگر چیئرمین سی ڈی اے تبدیل ہو رہے ہیں تو کیس کی سماعت تب تک ملتوی کی جائے ۔ وفاقی حکومت نے اپنا جواب جمع کروا دیا ہے۔

اس موقع پر اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نےعدالت سے استدعا کی کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل دوسری عدالت میں مصروف ہیں،استدعا ہے کہ سماعت ملتوی کردی جائے ۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت30 جنوری تک کے لئے ملتوی کر دی۔