راولپنڈی میں 4 سالہ بچے پر درج مقدمہ عدالتی حکم پر خارج

Spread the love

راولپنڈی پولیس کا کارنامہ ، تھانہ نصیر آباد میں 4 سال کے معصوم کمسن بچے پر بھی مقدمہ درج کر ڈالا۔ کمسن احمد پر مقدمہ 337/A3 کی دفعات کے تحت درج کیا گیا۔مقدمے کی درخوات غلام مصطفی شہری نے تھانے میں جمع کرائی۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق4 سالہ بچے نے میاں بیوی پر اینٹوں اور پتھروں سے حملہ کیا ۔

کمسن احمد کو ضمانت کے لئے ایڈیشنل سیشن جج سہیل انجم کی عدالت میں پیش کیا۔ بچے کے وکیل نے موقف اپنایا کہ پولیس نے آنکھیں بند کرکے مقدمہ درج کیا ، جو دفعہ لگائی گئی اس کی سزا دس سال ہے ۔ ایس ایچ او تھانہ نصیر آباد اور تفتیشی افسر کے خلاف کارروائی ہونی چاہیئے ۔

ایڈیشنل سیشن جج سہیل انجم نے تفتیشی افسر کو ریکارڈ سمیت طلب کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ  ایف آئی آر درج کرتے وقت دیکھ تو لیتے بچہ پتھر اٹھا بھی سکتا ہے یا نہیں ۔ دس سال سے کم عمر بچے پر ایف آئی آر درج نہیں ہو سکتی ۔  عدالت نے تفتیشی افسر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایف آئی آر خارج کر دی۔