آرمی چیف کا مدت پوری ہونےپر عہدہ چھوڑنےکا عندیہ

Spread the love

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ فوج نے خود کو سیاست سے دُور رکھا ہے۔ اپنے وعدے کے مطابق دوسری مدت پوری ہونے پر ریٹائرڈ ہو جاؤں گا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے کے ظہرانے میں شرکت کی۔ غیر رسمی گفتگو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے عہدے کی مقررہ مدت پوری ہونے پر ریٹائرمنٹ کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دو ماہ بعد دوسری مدت پوری ہونے پر ریٹائرڈ ہو جاؤں گا۔انہوں نے کہا کہ اس بات کا اظہار پہلے بھی کیا جا چکا ہے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ فوج نے خود کو سیاست سے دُور رکھا ہے۔لاغر ملکی معیشت کو بحال کرنا معاشرے کے تمام طبقات کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ مضبوط معیشت کے بغیر قوم اپنے اہداف حاصل نہیں کر سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط معیشت کے بغیر کوئی سفارت کاری نہیں ہو سکتی۔

اس سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکی وزیر دفاع جنرل (ر) لائیڈ آسٹن ، مشیر قومی سلامی جیکب سلیوان اور نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی، علاقائی سلامتی، مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان، امریکا کے درمیان دوطرفہ تعاون کی طویل تاریخ ہے،  دونوں جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاک، امریکا اقتصادی تعلقات، بذریعہ تجارت اور سرمایہ کاری مزید بہتر بنائی جائے گی۔

آرمی چیف نے فلوریڈا میں سمندری طوفان سے ہونے والی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان متاثرین کے خاندانوں کے نقصان اور درد کو بخوبی سمجھتا ہے۔۔۔ پاکستان موسمیاتی تغیر کے ایسے ہی حالات سے دوچار ہے جیسے فلوریڈا میں ہوا۔۔ فریقین کا افغانستان سمیت تمام بین الاقوامی مسائل پر اتفاق رائے رہا۔