پاکستان 2023 کے بعد بھی جی ایس پی پلس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کا خواہشمند

Spread the love

وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے کرائسز مینجمنٹ کے لیے یورپی کمشنر جینز لینارکیچ نے ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے بڑے سیلاب کے تناظر میں یورپی یونین کی مدد کو سراہا ۔

وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ۔ پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات مشترکہ اقدار ، امن، خوشحالی اور ترقی کے مشترکہ مقاصد پر مبنی ہیں۔ چاہتے ہیں 2023 کے بعد بھی جی ایس پی پلس اسکیم سے فائدہ اٹھایا جاسکے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان عالمی کاربن کے اخراج میں سب سے نہ ہونے کے برابر حصہ دار ہونے کے باوجود موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے سب سے زیادہ کمزور ممالک میں شامل ہے۔ امید ہے عالمی برادری بحالی اور تعمیر نو کے مرحلے میں فعال شرکت کے ذریعے سیلاب کے منفی نتائج کو کم کرنے کے لیے اپنی کوششیں تیز کرے گی۔

وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ دونوں فریق اپنے دوطرفہ تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید بڑھانے کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔