شکور شاد کی خالی نشست کا نوٹیفکیشن معطل

Spread the love

اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شکور شاد کا این اے 246 لیاری کراچی کی نشست خالی قرار دینے کا الیکشن کمیشن کا  نوٹیفکیشن معطل کر دیا ۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کیس کی سماعت کی ، درخواست گزار شکور شاد کے وکیل نے موقف اپنایا کہ انہوں نے قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ نہیں دیا، پارٹی ہیڈ آفس کے کمپیوٹر آپریٹر کے لکھے استعفوں پر ایک سو تئیس ارکان سے دستخط لئے گئے ۔ استعفے اسپیکر کو بھیجےنہ نام لکھا، نہ تاریخ ڈالی۔ پی ٹی آئی نے بتایا کہ یہ استعفے پارٹی ڈسپلن کو برقرار رکھنے کے لیے ہیں۔ درخواست گزار نے بتایا کہ عمران خان سے اظہار یک جہتی اور سیاسی مقاصد کیلئے دستخط کیے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا ان کو ذاتی حیثیت میں اسپیکر قومی اسمبلی نے بلایا تھا؟ درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ ایک نوٹس آیا ، مگر درخواست گزار پیش نہیں ہوئے تھے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا بغیر پیشی اسپیکر قومی اسمبلی نے اس کا استعفیٰ قبول کیا؟ درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ وہ قومی اسمبلی کے کمیٹیوں میں بھی جاتے رہے ہیں۔عدالت نے استفسار کیا کہ اس کے باوجود اسپیکر قومی اسمبلی نے استعفیٰ قبول کیا۔کیا درخواست گزار پی ٹی آئی سے تھا ؟

عدالتی استفسار پر درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے مجھے ڈی سیٹ کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے  اسپیکر اور قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی رکن عبدالشکور شاد کو اسمبلی کارروائی میں شامل ہونے کی ہدایت کر دی ہے۔