ایم فائیو پر حادثہ،20مسافرجاں بحق،6زخمی

Spread the love

موٹر وے ایم فائیو پر جلال پور انٹرچینج کے قریب آئل ٹینکر اور مسافر بس میں تصادم ہوا ہے۔ حادثے میں کم از کم 20 افراد جاں بحق جبکہ چھ افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ موٹروے پولیس کے مطابق ملتان سکھر موٹروے پر ڈائیو سلیپر بس تیز رفتاری کے دوران ایک آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ جس سے بس اور ٹینکر دونوں میں آگ لگ گئی۔حادثے کے مقام پر موٹروے ایم 5 کئی گھنٹے بند رہی۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس کے افسران فوری موقع پر پہنچ گئے۔ مقامی پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں بھی موقع پر موجود تھیں۔ آگ اس قدر شدید اور خوفناک تھی کہ دور سے دکھائی دے رہی تھی۔ترجمان موٹروے کے مطابق جلتی ہوئی گاڑیوں سے بیشتر مسافروں کو زندہ نکالا گیا اور انہیں فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ امدادی ٹیموں کو آگ بجھانے میں کئی گھنٹے لگے۔پولیس نے ڈیڈ باڈیز اور زخمیوں کو نزدیک کے اسپتال پہنچایا۔

ترجمان کے مطابق آئی جی خالد محمود کی ہدایات پر موٹروے پولیس نے ایمرجنسی کراسسز سنٹر بنا دیا ہے۔ ہنگامی کارروائی کے دوران ڈی آئی جی شاہد جواد موقع پر موجود تھے۔ موٹروے پولیس نے جلتی بس سے 9 مسافروں کو باحفاظت نکال لیا تھا،پولیس نے ڈیڈ باڈیز اور زخمیوں کو نزدیک کے اسپتال پہنچایا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی نے افسوسناک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس المناک حادثے پر ہر آنکھ اشکبار ہے ۔پنجاب حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔ وزیراعلی پنجاب نے ہدایت کی کہ زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کمشنر ملتان سے المناک واقعہ کے بارے میں رپورٹ طلب کر لی ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہر پہلو سے انکوائری کرکے غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔