شنگھائی تعاون تنظیم وزرائے کونسل کا بھارتی شہر گوا میں اجلاس

Spread the love

شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس بھارت کے شہر گوا میں جاری ہے جس کی صدارت بھارتی وزیرخارجہ ایس جے شنکر نے کی۔ اجلاس میں رکن ممالک کے علاوہ ڈائیلاگ پارٹنر کا درجہ رکھنے والے ملکوں کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھارتی شہر گووا میں جاری شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کی جس کے دوران اقتصادی تعلقات، سکیورٹی، دہشت گردی  کیخلاف اشتراک جیسے معاملات زیر غور آئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بلاول بھٹو زرداری جب ایس سی او وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کیلئے پہنچے تو بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے ان کا خیر مقدم کیا۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شریک ممالک کے مابین اقتصادی تعلقات، اور علاقائی رابطوں کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔ وزرائے خارجہ اجلاس میں اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر غور کیا گیا جبکہ 3 اور 4 جولائی کو نئی دہلی میں منعقد ہونے والی 17ویں ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ اجلاس کے ایجنڈے اور فیصلوں کو حتمی شکل دیا جانا بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

دورے کے دوران وزیرخارجہ بلاول بھٹوزرداری شنگھائی تعاون تنظیم  کے وزرائے کونسل اجلاس میں شرکت کے موقع پر دو دن مصروفیات میں گزرے۔
گوا پہنچ کر پہلے دن وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی تین سائیڈ لائنز ملاقاتیں ہوئیں۔ جن میں روسی ، ازبکستان کے وزرائے خارجہ اور شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل شامل تھیں۔

وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کی ازبکستان کے ہم منصب بختیور سیدوف اور روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف سے بھی ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ اقتصادی تعلقات اور علاقائی رابطوں کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے وزراء خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف سے ملاقات کی۔

دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزراء خارجہ نے فوڈ سکیورٹی، توانائی اور عوامی رابطوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم نے روس کے ساتھ تعاون اور ہم آہنگی کے نئے مواقع کھولے ہیں۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل ایمبیسیڈر ژانگ منگ نے ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران شنگھائی تعاون تنظیم کی سرگرمیوں، مستقبل میں ترقی کے وژن، اصلاحات کا عمل زیرِ بحث آیا۔وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سیکرٹری جنرل ژانگ منگ شنگھائی تعاون تنظیم کی قیادت کے مینڈیٹ کی تکمیل کے حوالے سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے بتایا کہ ’ملاقات میں دو طرفہ امور پر گفتگو ہوئی اس کے علاوہ علاقائی روابط کو بہتر بنانے پہ بات ہوئی۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے انڈیا کے دو میڈیا ہاؤسز کو انٹرویو بھی دیے۔انہوں نے گووا میں عشائیہ میں شرکت کی۔عشائیہ میں پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور بھارتی ہم منصب جے شنکر کے درمیان مصافحہ بھی ہواتھا۔