فیفاورلڈ کپ: دفاعی چیمپئن فرانس فائنل میں پہنچ گیا، مراکش کا خواب چکنا چور

Spread the love

دفاعی چیمپئن فرانس نے فیفا ورلڈ کپ 2022کے سیمی فائنل میں مراکش کو 2-0 سے ہرا کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔قطر کے البیت اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں فرانس نے مراکش کو 0-2 سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنا لی۔

فرانس نے پہلے ہاف میں جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہلی مرتبہ پہنچنے والی ٹیم مراکش کو دباو میں رکھا۔ فرانس کی جانب سے کھیل کے پانچویں منٹ میں تھیو ہرنینڈس نے گول کر کے اپنی ٹیم کو 1-0 سے برتری دلا دی۔ دوسرے ہاف میں مراکش کی ٹیم نے بہت عمدہ کھیل پیش کیا اور فرانس کے گول پر کئی حملے کئے لیکن کوئی بھی گول کرنے میں ناکام رہی۔

فرانس کے رینڈل کولوموانی نے 79 ویں منٹ میں دوسرا گول کر کے فرانس کی برتری 2-0 کر دی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔

مراکش نے فرانس کے گول کرنے کے کئی مواقع ضائع کیے اور ان کی ٹیم میگا ایونٹ میں شاندار کاکردگی کے باوجود ایونٹ سے باہر ہوگئی۔

فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن فرانس کی فتح کے ساتھ ہی فینز نے بھرپور جشن منایا ۔ صدر میکرون نے اسٹیڈیم میں میچ دیکھا ۔ دفاعی چیمپئن کی جیت کے ساتھ ہی فرانسیسی فینز نے نہ صرف دوحہ میں جشن منایا بلکہ پیرس سمیت فرانس کے دیگر شہروں میں بھی شائقین فٹبال اپنی ٹیم کی جیت کا جشن منانے کے لیے سڑکوں پر نکل آئے۔

فرانسیسی شہریوں نے سڑکوں پر ہلہ گلہ کیا ٹیم کے حق میں نعرے لگائے۔ اس موقع پر شاندار آتشبازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا تھا۔

دوسری جانب مراکش کی شکست پاکستان سمیت دنیا بھر میں مراکش کے فینز کو اداس کرگئی۔ اسٹیڈیم میں موجود مراکش ٹیم کے پرستار بھی اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور خواتین سمیت سب کی آنکھیں اپنی ٹیم کی شکست پر نم ہوگئیں۔

تاہم مراکشی کھلاڑیوں نے سیمی فائنل میں شکست کے باوجود دل برداشتہ ہونے کے بجائے گراؤنڈ میں سجدہ شکر ادا کرکے لوگوں کے دل جیت لیے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

 

دفاعی چیمپئن فرانس اور میسی کی ارجنٹینا کی ٹیمیں اتوار 18 دسمبر کو میگا ایونٹ کے فائنل میں ٹکرائیں گی۔