قطر اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ورلڈکپ میں پاکستان بھی شرکت کرے گا

Spread the love

وزیر اعظم کی معاون خصوصی شیزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ کھیل کے میدان میں پاکستانی کھلاڑیوں نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ محدود وسائل کے باوجود ہمارے کھلاڑی عالمی اعزازات پاکستان لاتے ہیں۔ حکومت اگر سرپرستی کرے تو ملک کا سبز ہلالی پرچم دنیا بھر میں لہرایا جا سکتا ہے۔ پاکستانی بچے ہمارا فخر اورقومی اثاثہ ہیں۔کھیل بچوں کے کردار کو بہتر بنانے کا اہم ذریعہ ہیں ۔ امید ہےسات اکتوبر سے قطر میں شروع ہونے والےاسٹریٹ چائلڈ فٹبال ورلڈکپ میں پاکستانی بچے فتح کیساتھ واپس لوٹیں گے ۔ بیرون ملک آپ ملک کے سفیر ہوتے ہیں وہاں جا کر کھیل کے ساتھ ساتھ کردار سے بھی لوگوں کے دل بھی جیتنے کی کوشش کریں ۔مسلم ہینڈز کی جانب سے اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم کی ذمہ داری اٹھانا احسن اقدام ہے لڑکوں کیساتھ پاکستانی لڑکیوں کی بھی ا سٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم ہونا چاہیئے ۔ اس حوالے سے حکومت تعاون کرنے کو تیار ہے،، وزیراعظم نے ڈیپارٹمنٹس کیلئے گرانٹ بحال کر دی ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں مسلم ہینڈز کے زیر اہتمام اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم قطر میں منعقد ہونے والے اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے روانگی سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

فاطمہ خواجہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم کی گذشتہ کارکردگی کو مد نظر رکھتے ہوئے امید ہے اس بار ورلڈ کپ کا اعزاز حاصل کرینگے،2013 ء میں وزیراعظم نے یوتھ پروگرام شروع کیا تھا جس میں اسپورٹس بھی شامل ہے،اس موقع پر مسلم ہینڈز کے کنٹری ہیڈ سید ضیا ء النور کا کہنا تھا کہ مسلم ہینڈز اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم قطر میں منعقد ہونے والے اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ورلڈ کپ میں شرکت کے لئے جمعہ کو اسلام آباد سے قطر روانہ ہوگی جہاں وہ دارالحکومت قطر میں کھیلے جانے والے فٹ بال مقابلوں میں حصہ لے گی۔ یہ مقابلے 7 اکتوبر سے 15 اکتوبر تک دوہا میں منعقد کئے جا رہے ہیں جن میں 25 ممالک کی 28 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔سید ضیاء النور کا کہنا تھا کہ فٹ بال ٹیم کے یہ کھلاڑی مسلم ہینڈز کی جانب سے ملک کے 17 شہروں میں قائم کردہ فٹبال اکیڈمیز سے ٹرائلز کے بعد چنے گئے ہیں جس کے بعد انھیں میرپور آزاد کشمیر کی مرکزی فٹبال اکیڈمی میں تربیت دی گئی ہے۔

بعد ازاں ان کو ملک بھر کی مختلف کلبوں کے ساتھ میچز کھلائے گئے ہیں تاکہ ان کی بھر پور پریکٹس ہوسکے۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ اس سال یہ ٹیم پہلے کی نسبت بہتر کھیل کا مظاہرہ کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کرے گی۔ اس موقع پر مسلم ہینڈز پاکستان سے راجہ ارسلان نصرت کا کہنا تھا کہ مسلم ہینڈز پاکستان میں فٹ بال کی ترقی کے لئے کوشاں ہے، اس نے ملک بھر میں 17 اکیڈمیز قائم کی ہیں جبکہ آئندہ آنے والے سالوں میں ان کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔پاکستانی ٹیم ان بچوں پر مشتمل ہے جو پسماندہ گھرانوں بشمول یتیموں، سٹریٹ چلڈرن اور کمزور طبقات سے تعلق رکھتے ہیں۔ مسلم ہینڈز ان نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرنے اور ان کی بھرپور سرپرستی کرنے کے لئے پرعزم ہے تاکہ وہ بین الاقوامی فورمز پر ملک کی نمائندگی کریں۔

فاطمہ خواجہ نے بتایا کہ مسلم ہینڈز کی سرپرستی میں تربیت پانے والے30سے زائد بچے مختلف محکموں کی جانب سے قومی سطح پر فٹبال کھیل رہے ہیں۔ جن میں پاکستان آرمی، نیوی، واپڈا، سوئی نادرن گیس اور دیگر محکمے شامل ہیں۔ اس طرح فیفا کی جانب سے اپروو کردہ قومی ٹیم میں 8 بچے مسلم ہینڈز کی اکیڈمیز سے تیار ہوکر نکلے ہیں۔مسلم ہینڈز 2014 سے اپنے سپورٹس فار ڈیویلپمنٹ پروگرام کے تحت اسٹریٹ چلڈرن کے ساتھ کام کر رہی ہے۔