آرمی چیف کا چین کا 2 روزہ دورہ

Spread the love

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چین کا دو روزہ سرکاری دورہ کیا۔ دورے کے دوران آرمی چیف نے چینی وزیر دفاع جنرل وی فینگے سے ملاقات کی ۔ چینی وزیر دفاع نے پاک چین فوجی تعاون کو دوطرفہ تعلقات کا ایک اہم ستون قرار دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چینی وزیردفاع جنرل وی فینگے نے کہا کہ چین پاکستان اور افوج  پاکستان کے ساتھ  آزمائشی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور اس تعاون کو مزید وسعت دینے کا منتظر ہے ۔ سی پیک کی ترقی کا مقصد دونوں ممالک کے عوام کو مزید فوائد  پہنچانا اور خوشحالی لانا ہے۔

چینی وزیر دفاع نے پاکستان میں سی پیک منصوبوں کو محفوظ ماحول کی فراہمی اور علاقائی استحکام کی کوششوں کے لیے خصوصی اقدامات پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر دفاع  نے سی پیک پر پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور منصوبے کی بروقت تکمیل کی امید ظاہر کی۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان میں جاری سیلاب سے ہونے والی تباہی پر  دکھ کا اظہار کیا اور متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی۔

چینی وزیر دفاع نے  سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی ریسکیو اور ریلیف کی کوششوں کو بھی سراہا۔ اور پاکستان میں سیلاب سے متعلق امدادی سرگرمیوں کے لیے تکنیکی مدد فراہم کرنے کے لیے آمادگی کا اظہار کیا۔ آرمی چیف  نے وزیر دفاع کے جذبات اور پاکستان کے لیے چین کی حمایت جاری رکھنے پر شکریہ ادا کیا۔