وزیراعظم کا خیبرپختونخوا کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ

Spread the love

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے خیبر پختونخواکے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ۔ سیلاب کی صورتحال اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعظم نے نوشہرہ میں قائم کئے گئے امدادی کیمپ کا دورہ بھی کیا۔وزیرِ اعظم کو دریائے کابل میں سیلابی صورتحال اور ریسکیو کے لئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیرِ اعظم شہبازشریف نے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور فوری ریسکیو کیلئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لانے کی ہدایات کیں۔اس موقع پروفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاویدعباسی اور وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام بھی موجود تھے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف کو نوشہرہ میں سیلاب کی صورتحال ، ریسکیو اور امدادی کاروائیوں پر بریفنگ دی گئی۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نوشہرہ کے مردان پُل پر گئے اور سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لیا۔

وزیراعظم نے نوشہرہ میں سیلاب سے متاثرین کے لئے لگائے گئے امدادی کیمپ کا بھی دورہ کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر کام کررہی ہیں، متاثرین کو فوری طورپر 25،25 ہزار روپے کی مالی امداد دی جارہی ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کیمپ میں مقیم خواتین اور بچوں سے کھانے اور دیگر سہولیات کی فراہمی کےبارے میں دریافت کیا۔ ایک خاتون نے گدے کی عدم فراہمی کاشکو ہ کیاجس پر وزیراعظم نےفوری طورپر انہیں میٹرس فراہم کرنے کاحکم دیا ۔

وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ہم سب مل کر متاثرین کی بحالی کے لئے کام کررہے ہیں ۔جاں بحق ہونے والے افرادکے لواحقین کو وفاقی حکومت کی طر ف سے 10،10 لاکھ روپے کی مالی امداددی جارہی ہے۔

وزیراعظم کا مہمند ڈیم  سائٹ کا دورہ

وزیراعظم شہبازشریف نے مہمند ڈیم ڈیم کی سائٹ کا دورہ کیا ۔ انہیں سیلاب سے پہنچنے والے نقصان پر بریفنگ دی گئی۔

دوسری جانب ملک بھرمیں مون سون بارشوں اور سيلاب کى تباہ کارياں جارى ہیں ۔این ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ چوبيس گھنٹوں کے دوران مزيد 28 افراد زندگى کى بازى ہار گئے۔ ملک بھرمیں 14 جون سے اب تک جاں بحق افراد کى کل تعداد ایک ہزار61 تک جا پہنچى ۔ سندھ میں کل 349 اور بلوچستان میں 242 افراد لقمہ اجل بن گئے ۔خيبرپختونخواہ میں 242 افراد جاں بحق ہوئے زخمى ہونے والوں کى تعداد ایک ہزار 575ہو گئى۔پنجاب میں 168 جبکہ گلگت بلتستان میں 9 ، آزاد کشمیر میں 42 افراد زندگى کى بازى ہار گئے۔جاں بحق ہونے والوں میں 359 بچے ، 210 خواتین اور 470 مرد شامل ہیں۔

این ڈی ایم اے کے مطابق سندھ زخميوں میں سر فہرست ہے جن کی تعداد ایک ہزار 30 ہوگئى۔ کے پى کے میں 307 بلوچستان میں 108 افراد زخمى ہوئے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پھنسے ہوئے 4 لاکھ 98 ہزار 442 افراد کو ریسکیو کیا گیا ہے جن میں سے 1575 افراد زخمی ہیں۔

نیشنل ڈیزاسٹرمنیجمنٹ اتھارٹی کے مطابق ایک روز میں مزید 43ہزار13 مکانات تباہ ہوئے جس کے بعد تباہ شدہ مکانوں کی تعداد 9 لاکھ 92 ہزار 800 سے تجاوز کرگئی اور متاثرین کی تعداد نے 33 لاکھ 46 ہزار کا ہندسہ عبور کرلیا۔ملک بھر میں 157 پلوں کو حاليہ بارشوں سے نقصان پہنچا،مجموعی طور پر3ہزار457 کلو ميٹر سڑکیں تباہ ہو گئیں۔

سیلابی ریلوں کی زد میں آنے سے 24 گھنٹے کے دوران مزید 7586 جانور ہلاک ہوئے جس کے بعد لقمہ اجل بننے کے والے مویشیوں کی مجموعی تعداد 7 لاکھ 27 ہزار 144 ہوگئی۔