ہونڈوراس کی صدر کا مفت بجلی کا اعلان

Spread the love

twitter image

Spread the love

ہونڈوراس کی نومنتخب خاتون صدر شیاؤمارا کاسترونے عہدے کا حلف اٹھا لیا ، انہوں نے ہونڈاروس کے دارالحکومت تیگوسیگلپا میں رقص کرتے ہزاروں شہریوں ،لہراتے قومی پرچموں اور نعروں کی گونج میں مسکراتی ہوئی شیاوماراکاسترو نے حلف اٹھایا۔

حلف تقریب میں امریکی نائب صدر کملا ہیرس،ا سپین کے بادشاہ اور تائیوان کے نائب صدر ولیم لائی سمیت دیگر عالمی رہنماؤں نے شرکت کی۔افتتاحی تقریب سے خطاب میں صدر شیاو ماراکاسترو نے غربت، کرپشن اور معاشرتی تفریق کو ختم کرنے کا وعدہ کیا، انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش اقتصادی تباہی انہیں ورثے میں ملی ہے، ٹوٹے ہوئے ملک کی قیادت کرنا آسان کام نہیں لیکن وہ سماجی انصاف کے نظام کو آگے بڑھانے کے لیے پرُعزم ہیں۔ 62 سالہ کاسترو نے منشیات کی اسمگلنگ کے طاقتور گروہوں سے نمٹنے کا بھی وعدہ کیا اور غریب عوام کو مفت بجلی کی فراہمی کا اعلان کیا۔

عوام انہیں ملک کودرپیش شدید مشکلات کے دور میں امید کی کرن سمجھتے ہیں ،شیاؤماراکاسترو نے  تعلیم، صحت کی دیکھ بھال، سیکیورٹی اور روزگار کو بہتر بنانے کے لیے کام کرنے کا وعدہ کیا۔

رپورٹس کے مطابق گزشتہ سال نومبر میں کاسترو کے انتخاب نے دائیں بازو کی نیشنل پارٹی کی 12 سالہ حکمرانی کا خاتمہ کر دیا ،کاسترو نے کہا، "بارہ سال کی جدوجہد، 12 سال  کی مزاحمت کے بعد  آج عوامی حکومت شروع ہو رہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق ہونڈوراس کا عوامی قرض تقریباً 17 بلین ڈالر ہے،نئی صدرملک کو معاشی بحران سے نکالنے، ہجرت کو روکنے  اور لوگوں کو روزگار کی فراہمی کے لیے بھی پُرعزم ہیں۔

شیاوماراکاستروکا تعلق فریڈم اینڈ ریفاؤنڈیشن پارٹی سے ہے، انہوں نے ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ1.7ملین ووٹ حاصل کیے۔ اس سے قبل اپنے شوہر مینوئل زیلایا کے دور صدارت میں خاتون اول تھیں، جنہیں 2009 میں ایک فوجی بغاوت نے ختم کر دیا تھا۔

ہونڈوراس کے سبکدوش صدر جوآن اورلینڈو ہرنینڈزپر امریکی عدالت کی سماعتوں میں منشیات کے اسمگلروں کی مدد کرنے کا الزام عائد ہیں لیکن وہ ان الزامات کی تردید کر رہے ہیں، ایک امریکی جج نے گزشتہ سال اس کے بھائی کو منشیات کی اسمگلنگ کے جرم میں عمر قید کے علاوہ 30 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

صدر شیاؤمارا کاسترونے اپنی 16رکنی کابینہ کا بھی اعلان کر دیا ہے جس میں 2خواتین کو بھی شامل کیا گیا ہے۔