پی اے سی میں چیئرمین نیب کی پھر طلبی

Website image pac
Spread the love

چئیرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال اِن کیمرہ بریفنگ میں طلبی کے باوجود پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں پیش نہ ہوئے ،‏چئیرمین نیب کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اجلاس میں عدم شرکت پر پبلک اکاونٹس کمیٹی کا اجلاس احتجاجاًملتوی کر دیا گیا۔

پی اے سی نے چیئرمین نیب کو دوبارہ طلب کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ، کمیٹی کے چیئرمین رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ چئیرمین نیب کو آنا چاہیے تھا اور وہ آئیں گے، چئیرمین نیب کو خط لکھ رہے ہیں، جبکہ نیب کی جانب سے لکھے گئے خط کی تفصیلات سیکریٹری کابینہ سے مانگی جائیں گی۔

قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے ایک خط سیکریٹری قومی اسمبلی کو لکھا گیا ہے جس میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے چیئرمین نیب کی جگہ ڈی جی نیب کو بریفنگ دینے کی منظوری دی ہے ، خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین نیب پی اے سی سمیت کسی بھی قائمہ کمیٹی، آئینی ادارے اور خود مختار اداروں کے سامنے بطور پرنسپل اکاونٹنگ آفیسر پیش نہیں ہوں گے ، چئرمین نیب کی نمائندگی ڈی جی نیب تمام کمیٹیوں میں کیا کریں گے۔

چئیرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی رانا تنویر نے اس اقدام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ نیب کے خط کی وضاحت کے لئے کابینہ ڈویژن کو خط لکھیں گے اگر قواعد وزیر اعظم کو چیئرمین کی جگہ ڈی جی کو نمائندگی کا اختیار دیتے ہیں تو تسلیم کریں گے ، چئیرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی رانا تنویر حسین کاکہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی پوزیشن اور ہے اور چیئرمین نیب کی اور ہے، چیف نیب کی پوزیشن یکسر مختلف اور قابل احستاب ہے، اگر حکومت اسے جوابدہ نہ بنائے تو یہ زیادتی ہوگی۔