پاکستان کو عالم اسلام کی پہلی جوہری طاقت بننے کے 25 سال

Spread the love

پاکستان کو عالم اسلام کی پہلی جوہری طاقت بننے کے 25 سال مکمل ہو گئے۔ پورے ملک میں آج یوم تکبیر جوش و جذبے سے منایا گیا۔ 25 برس قبل اسی روز پاکستان نے بھارتی ایٹمی دھماکوں کے جواب میں اپنی جوہری طاقت کا مظاہرہ کیا تھا، یہ وہ یادگار دن ہے جب پاکستان نے مسلم دنیا کی پہلی اور دنیا کی 7 ویں ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا اور اسی دن کو  یوم تکبیر  کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔

28 مئی 1998 کو پاکستان نے بلوچستان کے علاقے چاغی میں دھماکوں کے ذریعے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کا جواب دیا تھا ۔ بلوچستان کے پہاڑوں سے پاکستان کی عظمت کا اعلان ہوا تو دشمن کے عزائم خاک میں مل گئے ۔

چاغی کے پہاڑوں پر اللہ و اکبر کا نعرہ بلند ہوا جسے پوری دنیا میں سنا گیا۔ پاکستان کو ایٹمی دھماکوں سے روکنے کیلئے دنیا بھر کے دباؤ کا سامنا بھی کرنا پڑا مگر اس وقت کی حکومت نے ملک کو ایٹمی قوت سے ہمکنار کرنے کیلئے دباؤ اور دھمکیوں کی پرواہ نہ کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے یوم تکبیر پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 28 مئی کو بین الاقوامی دباؤ، دھمکیوں اور لالچ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے وطن کی قیادت نے، اپوزیشن اور قوم کی تائید و حمایت سے ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔ اسی اتحاد ، عزم، توجہ اور تسلسل کا مظاہرہ کر کے اب ہمیں پاکستان کو معاشی قوت بنانا ہے ۔آج کی دنیا میں ہدف معیشت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج سے 25 سال قبل آج ہی کے دن اہل پاکستان نے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں 5 جوہری دھماکے کرکے اپنے دفاع کے ناقابل تسخیر ہونے کا اعلان کیا تھا۔یہ دن ہمارے اس ازلی و ابدی عزم کا اظہار تھا کہ ہم آزاد ہیں اور آزاد ہی رہیں گے ۔ کوئی ہماری آزادی چھین نہیں سکتا۔ ہماری آزادی، خود مختاری، قومی وقار اور دفاع ہمیں ہر چیز سے پیارا ہے۔ آج میں اس وقت کے وزیراعظم اور میرے قائد محمد نواز شریف کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے صرف اللہ تعالی کی طاقت پر بھروسہ کرتے ہوئے کسی سوپر پاور کی دھمکیوں کی پرواہ کی اور نہ ہی اربوں ڈالر کی لالچ ہی انہیں ان کے آہنی عزم و ارادے سے ہٹا سکی۔ نواز شریف نے ملکی دفاع ناقابل تسخیر بناکر پاکستان کو اسلامی دنیا کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی قوت بنایا۔