حکومت کا 25مئی کو”یومِ تکریمِ شہداءِ پاکستان”منانے کا فیصلہ

Spread the love

وطنِ عزیز پاکستان کے امن و امان اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے دی جانے والی قربانیوں کو کبھی بُھلایا نہیں جا سکتا۔ اس حوالے سے افواجِ پاکستان، رینجرز، ایف سی، پولیس، دیگر قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کے شہداء  اور شہداء پاکستان کا کردار نا قابلِ فراموش ہے۔

حکومت نے شہداءِ پاکستان کی بے لوث قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے 25 مئی کو "یومِ تکریمِ شہداءِ پاکستان” منانے کا فیصلہ کیا  ہے۔اس کا مقصد جہاں ایک طرف شہداء کی لازوال قربانیوں کی یاد تازہ کرنا ہے وہاں قوم کو یہ بھی پیغام دینا ہے کہ شہداء، اُنکی فیملیز اور یادگاروں کی تکریم  اور احترام ہر پاکستانی کا فخر ہے۔

یومِ تکریمِ شہداءِ پاکستان میں ملک بھر میں ہونے والی تقریبات کو نمایاں انداز میں پیش کیا جائیگا تاکہ شہداءِ پاکستان کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا جا سکے۔

اس سلسلے میں خصوصی پروگرام اور تقریبات میں ملک بھر میں شہداء کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی اور دعائیں مانگی جائیں گی۔ ملک بھر میں افواجِ پاکستان ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی یادگارِ شُہداء پر سلامی پیش کی جائے گی۔

جی ایچ کیو کی یادگارِ شہداء پر  مرکزی تقریب ہو گی ۔ پاکستان ائیر فورس ، پاکستان نیول ہیڈکوارٹرز  اور  پولیس  کی متعدد یادگار شہداء پر تقریبات شامل ہیں۔ صوبائی دارالخلافوں بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی یادگار شہداء پر بھی تقریبات کا انعقاد ہوگا۔اس کے علاوہ  ملک بھر میں شہداء کی یاد گار پر فاتحہ خوانی  بھی کی جائے گی۔

یومِ تکریمِ شہداءِ پاکستان تجدیدِ عہد کا یوم ہے جو نفرتوں اور تلخیوں کو بھلا کر محبت،  امن، امید،  رواداری اور اپنے شہداء سے والہانہ محبت کا پیغام دے گا۔