آرمی چیف سے چین اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کی ملاقاتیں

Spread the love

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے چینی وزیر خارجہ چن گانگ اور افغان عبوری حکومت کے وزیرخارجہ امیر خان متقی نے الگ الگ ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چین کے وزیرخارجہ چن گانگ کی آرمی چیف سے ملاقات میں خطے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال ، علاقائی سلامتی اور دفاعی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف سید عاصم منیر نے پاکستان چین تذویراتی تعلقات کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے پر مکمل تعاون فراہم کریں گے۔ آرمی چیف نے چین کی علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کو سراہا۔ آرمی چیف نے علاقائی و بین الاقوامی معاملات پر پاکستان کی حمایت پر چین کا شکریہ ادا کیا۔

اس ملاقات میں چینی وزیرخارجہ نے سی پیک پر پیشرفت پر اطمینان کا اظہاراور سی پیک کی بروقت تکمیل کے لئے چینی کمٹمنٹ کا اظہار کیا۔چینی وزیرخارجہ نے دونوں برادر اقوام کے درمیان طویل مدتی تزویراتی تعلقات کی اہمیت پر زور دیا ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل  سید عاصم منیر سےعبوری افغان وزیر خارجہ امیرخان متقی نے بھی جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچپسی کے امور کے علاوہ خطے کی سیکورٹی صورتحال،بارڈ مینجمنٹ کے امور پر بھی بات چیت کی۔ آرمی چیف نے ایک مستحکم، پرامن اور خوشحال افغانستان کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف  نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے مشترکہ چیلنجوں سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لیے دونوں برادر ہمسایوں کے درمیان تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

افغان قائم مقام وزیر خارجہ  نے باہمی دلچسپی کے امور میں افغان عبوری حکومت کی جانب سے مکمل حمایت اور عزم کی ضرورت کا اعادہ کیا۔

وزیر خارجہ متقی نے افغانستان کے عوام کے لیے پاکستان کی روایتی حمایت کو سراہا اور اس اہم کردار کو تسلیم کیا جو پاکستان افغانستان میں امن اور ترقی میں سہولت کاری کے لیے ادا کر رہا ہے۔انہوں نے علاقائی استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔دونوں فریقوں نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور مشترکہ  مسائل کو حل کرنے کے لیے باقاعدہ رابطوں کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔