پاک فضائیہ سوڈان سے جدہ کے راستے پاکستانیوں کے انخلا میں مصروف عمل

Spread the love

پاک فضائیہ کے ایئربس اور سی 130 ہرکولیس طیارے سوڈان سے جدہ کے راستے پاکستانیوں کے انخلا میں مصروف عمل ہے۔

ترجمان پاک فضائیہ  کے مطابق پاک فضائیہ کا ایئربس طیارہ 149 مسافروں کو لے کر جدہ سے کراچی بحفاظت لینڈ کر گیا ہے۔ پاک فضائیہ کا سی-130 طیارہ پاکستانی مسافروں کو لے کر آج شام لینڈ کرے گا۔ پاک فضائیہ وزارت خارجہ اور سوڈان و سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانوں کے ساتھ مل کر پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ پورٹ سوڈان نیو انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ریسکیو کیے گئے پاکستانیوں کو پاک فضائیہ کے ٹرانسپورٹ طیاروں کے ذریعے منتقل کیا جا رہا ہے۔ پاک فضائیہ مصیبت میں گھرے پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کی بحفاظت وطن واپسی تک اپنے آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ ریسکیو کئے گئے خاندانوں نے حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور سوڈان میں تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال کے درمیان بروقت ریسکیو کرنے پر پاک فضائیہ کو سراہا۔

دوسری جانب ترجمان دفترخارجہ نے بھی جاری بیان میں کہا کہ سوڈان میں پھنسے سینکڑوں پاکستانیوں کے بحفاظت انخلاء کی کاوشیں جاری ہیں۔ پہلے مرحلے میں پاک فضائیہ کے طیارے سے 149 پاکستانیوں کو کراچی پہنچا دیا گیا۔ہر پاکستانی کا سوڈان سے محفوظ انخلاء اور وطن واپسی پہلی ترجیح ہے۔