امریکی صدرجوبائیڈن کا 2024 کا الیکشن دوبارہ لڑنے کا اعلان

Spread the love

امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے آئندہ برس شیڈول صدارتی الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق دوسری مدت کے لیے انتخابات میں حصہ لینے سے متعلق صدر بائیڈن کا اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب چار برس قبل آج ہی کے دن 25 اپریل 2019 کو اُنہوں نے صدارتی الیکشن لڑنے کا اعلان کیا تھا۔ صدر بائیڈن نے اس وقت کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ہنگامہ خیز دور میں "قوم کی روح’ پر مرہم رکھنے کا وعدہ کیا تھا۔

صدر بائیڈن نے ویڈیو بیان میں اس اہم فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ووٹرز سے کہتے ہیں کہ اُنہیں ‘اپنا کام ختم’ کرنے کے لیے مزید وقت دیں جو اُنہوں نے پہلی مدت کے لیےحلف اُٹھاتے وقت شروع کیا تھا۔

صدر بائیڈن نےکہا ” ہم امریکہ کی روح کے تحفظ کی جنگ اب بھی لڑ رہے ہیں۔ ہم جس سوال کا سامنا کر رہے ہیں وہ یہ ہے کہ ہمیں آنے والے برسوں میں زیادہ آزادی اور حقوق ملیں گے یا کم؟یہ مطمئن ہونے کا وقت نہیں، اسی لیے میں دوبارہ الیکشن لڑ رہا ہوں۔ ویڈیو میں بائیڈن کے اعلان کے دوران اُن کے دور میں ہونے والی قانون سازی اور بڑے منصوبوں کے اعلان پر مبنی واقعات کی تصویری جھلکیاں بھی شامل کی گئی ہیں۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے 2024 میں دوبارہ انتخاب کے لیے باضابطہ طور پر اپنی مہم کا آغاز کردیا۔ 80 سالہ جوبائیڈن امریکا کے معمر ترین صدر ہیں۔صدر بائیڈن اگر دوسری مدت کے لیے بھی صدر منتخب ہو جاتے ہیں تو چار سالہ مدت ختم ہونے پر اُن کی عمر 86 برس ہو گی۔

صدر جوبائیڈن کو اس وقت بھی حکمراں جماعت ڈیموکریٹک کے ارکان کی اکثریت کی حمایت حاصل ہے اور وہ آئندہ ہونے والے صدارتی الیکشن کے لیے ڈیمو کریٹ کے سب سے مضبوط امیدوار ہیں۔

ماہرین کے مطابق صدر بائیڈن اپنی پہلی مدت کے دوران اہم قانون سازی سمیت امریکی سیاست میں 50 برس کے تجربے کو اپنی بڑھتی عمر کے مقابلے میں اہم قرار دیتے ہیں۔اُنہیں دوسری مدت کے لیے ڈیمو کریٹک پارٹی کی نامزدگی حاصل کرنے میں بظاہر کسی رکاوٹ کا سامنا نہیں۔ تاہم مبصرین کے مطابق قومی معاملات میں پائی جانے والی تقسیم میں صدارت برقرار رکھنے کے لیے اُنہیں سخت جدوجہد کرنا ہو گی۔

واضح رہے کہ  سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی 2024 کا صدارتی الیکشن لڑنے کا اعلان کر چکے ہیں۔ ٹرمپ نے گزشتہ برس نومبر میں یہ اعلان کیا تھا۔ ان کے علاوہ کئی اور رہنما بھی ری پبلکن پارٹی کی نامزدگی کی دوڑ میں شامل ہیں۔