اسلام آباد ہائی کورٹ کا عید چھٹیوں کے دوران عمران خان کو حراساں نہ کرنے کا حکم

Spread the love

اسلام آباد ہائی کورٹ نے عید الفطر کی چھٹیوں کے دوران سابق وزیراعظم عمران خان کو ہراساں نہ کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے عید کے دنوں میں ممکنہ گرفتاری کو عدالت کی پیشگی اجازت سے مشروط کرنے اور مقدمات کی تفصیلات کی درخواست پر سماعت  کی۔ چیف جسٹس عامر فاروق کے روبرو درخواست گزار عمران خان کی جانب سے ایڈووکیٹ فیصل چوہدری پیش ہوئے ۔ عمران خان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سراج الحق زمان پارک آئے، مذاکرات کی اچھی کاوش ہوئی۔ اگلی صبح ہم نے دیکھا کہ سندھ کے ہمارے صدر کو اٹھا لیا گیا۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے دوران سماعت ریمارکس دیے کہ اِس واقعے سے ظاہر ہے ایک بیڈ ٹیسٹ پیدا ہوا۔ عمران خان کے وکیل نے بتایا کہ ہمیں خدشہ ہے عید کی 5 چھٹیوں میں یہ پھر کوئی آپریشن کریں گے، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ مقدمات کی تفصیلات تو طلب کر سکتا ہوں میں اور کوئی خالی آرڈر کیسے کروں؟اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کی درخواست پر عید کی چھٹیوں میں انہیں ہراساں نہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے وفاق، پولیس اور ایف آئی اے کو نوٹس جاری  کردیے اور کیسز کی تفصیلات طلب کرلیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کی درخواست عید کے بعد تک زیر التوا ہی رکھنے کی استدعا منظور  کرتے ہوئے درخواست 27 اپریل کو دوبارہ سماعت کے لیے مقررکر دی ہے۔