کھیت سے پلیٹ تک معیاری خوراک کی فراہمی کیلئے فوڈ سیفٹی ٹیمیں متحرک

Spread the love

پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ماہ صیام میں صحت بخش خوراک کی فراہمی کیلئے گرینڈ آپریشن جاری ہے۔ راولپنڈی میں 300 کلو مضر صحت مٹھائی اور  5 کنال پر کاشت سٹابری کی فصل تلف کر دی گئی۔

ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی مدثر ریاض کے مطابق گجر خان میں سیوریج کے پانی سے کاشت سٹابری کی فصل کو ہل چلا کر تلف کیا گیا ہے۔ مضر صحت سٹابری کو ماہ صیام میں سبزی منڈی پر سپلائی کیا جانا تھا۔

چکرہ روڈ پر تلف کی گئی 300 کلو مٹھائی میں مضر صحت کیمیکلز اور رنگوں کی آمیزش پائی گئی۔ زائد المیعاد مٹھائیوں کو نئی پیکنگ میں فروخت کرنے پر بیکری کو بھاری جرمانہ کیا گیا ہے۔

مدثر ریاض کا کہنا ہے کہ کھیت سے پلیٹ تک معیاری خوراک کی فراہمی کیلئے فوڈ سیفٹی ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں۔ خوراک میں ملاوٹ کرنیوالے مافیا کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی۔