حج سیزن میں کورونا وبا سے پہلے کا حج کوٹہ نافذ، عازمین پر عمر کی حد کی پابندی بھی ختم

Spread the love

سعودی وزیر حج و عمرہ توفیق الربیعہ نے جدہ کے ڈوم سینٹر میں”ایکسپو حج” کانفرنس اور نمائش کی افتتاحی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سال حج سیزن میں کورونا وبا سے پہلے کا حج کوٹہ نافذ کیا جائے گا۔ عمر کے حوالے سے عازمین حج پر کوئی پابندی لاگو نہیں کی جائے گی۔

توفیق الربیعہ نے کہا کہ عمرہ ویزے کی میعاد 30 دن سے اب بڑھا کر  90 دن کردی گئی ہے۔ عمرہ ویزے پر آنے والے زائرین کو مملکت کے کسی بھی شہر کے سفر کی اجازت ہے۔

وزیر حج کا کہنا تھا کہ اس سال سے دنیا بھر کی حج ایجنسیوں کو اپنے ملک کے عازمین حج کو مطلوب سہولتیں فراہم کرنے والی پرمٹ ہولڈر کسی بھی کمپنی کے ساتھ معاہدے کی اجازت ہوگی۔ سعودی حکومت حرمین شریفین کے زائرین کی سہولت کے لیے بڑے منصوبے نافذ کررہی ہے۔ مسجد الحرام کی توسیع کا منصوبہ ان میں سے ایک ہے۔ اس پر 200 ارب ریال سے زیادہ کی لاگت آئے گی۔ مسجد نبوی مدینہ منورہ میں بھی ایک اور بڑی توسیع ہورہی ہے۔  سعودی وزیر حج و عمرہ توفیق الربیعہ نے کہا کہ مسجد نبوی اور مسجد الحرام کے زائرین کی سہولت کے لیے 64 ارب ریال  کی لاگت سے حرمین ایکسپریس ٹرین منصوبہ نافذ کیا گیا ہے  مکہ سے مدینہ کا سفر دو گھنٹے میں کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ ایکسپو حج نمائش کا بڑا مقصد حج و عمرہ زائرین کو پیش کی جانے والی خدمات کا معیار بلند کرنے والے معیاری اقدامات پروگرام اور منفرد سکیموں کا جائزہ لینا ہے۔

دوسری جانب وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے 19 اسلامی ممالک کے وفود کے ساتھ حج معاہدوں پر دستخط کر دیئے۔ معاہدوں کا تعلق عازمین کی تعداد، آمد اور روانگی کے علاوہ پیش کی جانے والی خدمات سے ہے۔ حج پیکیج فیس ادا کرنے کے بعد داخلی عازمین اپنے اہل خانہ کو شامل کرسکتے ہیں ۔

پاکستانی عازمین حج کے لیے  سعودی حکومت نے پاکستان کے لیے حج کوٹہ پر دستحط کیے۔ معاہدے کی تقریب کے دوران وفاقی وزیر برائے مذہبی امور مفتی عبدالشکور، سیکرٹری آفتاب اکبر دورانی، جوائنٹ سیکرٹری حج آفتاب خان مروت،ڈی جی حج ساجد منظور اسعدی بھی موجود تھے۔ سعودی عرب نے پاکستان پرانا کوٹہ بحال کر دیا ہے۔ اس سال ایک لاکھ 79 ہزار 210 حجاج کرام حج ادا کر سکیں گے ۔ 65 سال کی بالائی حد کو بھی ختم کردی گئی ہے۔

معاہدے کے تحت50 فیصد حجاج مدینہ ایئرپورٹ جبکہ 50فیصد حجاج جدہ ایئرپورٹ پر اتاریں جائیں گے ۔ پہلی حج پرواز یکم ذوالقعدہ کو روانہ ہوگی جبکہ رہائش کا اعلان 15 شعبان کو کیا جائے گا۔ خوراک اور ٹرانسپورٹ کا معاہدہ 15 رجب سے پہلے مکمل ہو جائے گا۔

علاوہ ازیں وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ سے 13 ممالک کے وزرا پر مشتمل وفد سے بھی ملاقات کی ہے۔وفد میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور مفتی عبدالشکور، اردن کے وزیر اوقاف ڈاکٹر محمد خلایلہ، بنگلہ دیش کے وزیر دینی امور محمد فرید الحق اور ایران کے وزیر حج سید صادق الحسنی شامل تھے۔

جن ممالک کے وفود سے معاہدے دستخط ہوئے ہیں ان میں پاکستان ،ترکی، سوڈان، یمن، گھانا، ازبکستان، ملائیشیا اور بحرین شامل ہیں۔

وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے تمام وفود کو حج منصوبے سے آگاہ کیا ہے اور عازمین کو پیش کی جانے والی نئی سہولتیں کے متعلق تفصیلات بتائی۔