وفاقی کابینہ کی 20 ادویات کی قیمتوں میں کمی کی منظوری

Spread the love

وفاقی کابینہ نے20 ادویات کی قیمتوں میں کمی کی منظوری دے دی ۔ وزارت صحت نے مختلف بیماریوں میں استعمال ہونے والی ادویات کی قیمتوں میں کمی لوگوں کو ریلیف فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دے دیا۔

وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے20 ادویات کی قیمتوںمیں کمی کی منظوری دے دی ، زیادہ تر ادویات کی قیمتوں میں کمی 30 فی صد ہوئی ۔بلڈ پریشر، کینسر اور آنکھوں کی بیماریوں میں استعمال ہونے والی ادویات کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے ۔ وفاقی وزیرعبدالقادر پٹیل کے مطابق 54 نئی ادویات کی قیمتیں فکس کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ یہ نئی ادویات کینسراور مختلف بیماریوں میں استعمال ہوں گی ۔ حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے موثر اقدامات کو یقینی بنانے کیلئے پر عزم ہے ۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ماضی میں پی ٹی آئی کی حکومت نے ادویات کی قیمتوں میں سات سو فی صد تک اضافہ کیا۔ ڈریپ میں میرٹ اور شفافیت کے نظام کو فروغ دینے کیلئے پر عزم ہیں ۔ عوام کی فلاح وبہبود کیلئے معیاری ادویات کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ صحت کے شعبے میں بہتری کیلئے عملی اقدامات جاری ہیں۔ عوام کی خدمت اور ان کو طبی سہولیات کی فراہمی ہمارا حقیقی مشن ہے ۔