سابق برازیلین اسٹار فٹ بالر پیلے کا انتقال،مداح اُداس، ملک میں سوگ کا اعلان

Spread the love

دنیائے فٹبال کے بے تاج بادشاہ برازیل کے لیجنڈ پیلے جمعرات کی شب برازیل کے شہر ساؤ پاؤلو کے البرٹ آئن اسٹائن اسپتال میں انتقال کر گئے۔

برازیل فٹ بال ٹیم کے سابق سٹار کھلاڑی پیلے 82 سال کی عمر میں ہسپتال میں وفات پاگئے ۔ اُن کی عمر82برس تھی وہ23 اکتوبر 1940 کو پیدا ہوئے تھے۔

پیلے ستمبر میں کینسر، گردوں اور دل کے امراض کے علاج کے لیے ہسپتال میں داخل تھے ستمبر 2021 میں پیلے میں بڑی آنت کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد ٹیومر نکالنے کے لیے آپریشن کیا گیا تھا ۔ڈاکٹرز نے اُن کی زندگی بچانے کے لئے بھرپور کوشش کی گئی لیکن کامیاب نہ ہو سکے۔

پیلے کو فٹ بال کا عظیم ترین کھلاڑی مانا جاتا ہے جنہوں نے برزیل کو تین ورلڈ کپ جیتوائے۔

پیلے نے اپنے22سالہ کیریئر میں 1363میچ کھیلے 1279 گول کیے۔ تاریخ کے واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے تین ورلڈ کپ 1958، 1962 اور 1970 جیتے، 1977 میں ریٹائر ہوئے۔ انہوں نے15سال کی عمر میں فٹبال کا آغاز کیا اور16سال کی عمر میں برازیل ٹیم کا حصہ بنے ۔ انہوں نے کلب کی سطح پر659میچوں میں643گول اسکور کئے ۔ انہیں کئی عالمی اعزاز سے بھی نواز گیا ۔ انہیں برازیل میں کنگ آف فٹبال مانا جاتا تھا۔

پیلے کی بیٹی کیلی ناشیمینٹو نے انسٹاگرام پر لکھا کہ ’جو کچھ ہم ہیں اس کے لیے آپ کا شکریہ، ہم آپ سے ہمیشہ پیار کرتے رہیں گے، اللہ آپ کی روح پر رحم کریں۔

پیلے کو بہت سے لوگ ایک عظیم فٹ بالر کی طور پر جانتے ہیں اور ہسپتال داخل ہونے کے بعد انہیں فرانسیسی فٹ بالر کیلان مباپے سمیت بہت سے لوگوں نے صحت یابی کے پیغامات بھیجے تھے۔ کیلان مباپے نے اپنے مداحوں سے’کنگ کے لیے دعا کی اپیل‘ کی تھی۔

پیلے کے انتقال پر پوری دنیا میں موجود فٹبال کے مداح اداس ہوگئے وہیں پرتگال کے اسٹار فٹبالر رونالڈو نے لیجنڈری کھلاڑی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔سوشل میڈیا پر اپنی اور پیلے کی تصویر اپ لوڈ کرتے ہوئے رونالڈو نے لیجنڈری برازیلین فٹبالر کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا۔

رونالڈو نے لکھا کہ ‘میں پیلے کے انتقال پر پورے برازیل جبکہ خصوصی طور پر پیلے کے خاندان سے تعزیت کرتا ہوں، پیلے کی موت پر دنیائے فٹبال میں جو غم ہے اسے بیان کرنا مشکل ہے’۔

انہوں نے  کہا کہ’ پیلے کو کبھی بھی بھلایا نہیں جاسکے گا اور ان کی یاد ہم میں سے ہر ایک فٹبال سے محبت کرنے والے میں ہمیشہ زندہ رہے گی۔

برازیل میں ان کے انتقال پر سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔