امریکا اور کینیڈا میں برفانی طوفان،ہلاکتوں کی تعداد38ہو گئی

Spread the love

غیرملکی میڈیا کے مطابق  امریکہ اور کینیڈا میں برفانی طوفان ’بم سائیکلون ‘ نے امریکا اور کینیڈا میں معمول کی زندگی مفلوج کردی امریکی حکام کے مطابق ملک بھر میں 34 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ نیو یارک ریاست کا شہر بفیلو ہے جہاں 13ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں ۔ اب تک8 فٹ برف پڑ چکی ہے جب کہ لوگوں کا کرسمس پر سفر مشکل ہوگیا تھا۔ شہر ایک بحرانی صورتحال سے دوچار ہے ۔ مسلسل برفباری سے متعدد گھر برف تلے دب گئے ہیں۔

بفیلو کے رہائشی نیویارک کے گورنر کیتھی ہوچول کا کہنا ہے کہ ’یہ ایسا ہے کہ جیسے کسی جنگی علاقے میں جانا۔انہوں نے اتوار کی شام صحافیوں کو بتایا کہ رہائشی اب بھی ’انتہائی خطرناک جان لیوا صورتحال‘ سے دوچار ہیں۔ انہوں نے لوگوں کو گھروں کے اندر رہنے کی تنبیہہ کی۔

کئی مشرقی ریاستوں میں دو لاکھ سے زائد افراد نے کرسمس بجلی کے بغیر منائی اور بہت سے لوگوں کے چھٹی والے دن سفر کے منصوبوں پر بھی پانی پھِر گیا۔

نیویارک کے گورنر کیتھی ہوچول نے بتایا کہ ’2022  کے برفانی طوفان کے بارے میں نہ صرف آج بلکہ نسلوں تک بات کی جائے گی۔ اس طوفان نے شدت میں 1977 کے تاریخی برفانی طوفان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔‘

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکا میں 2 لاکھ سے زائد شہری تاحال بجلی سے محروم ہیں جب کہ اب بھی 10 ہزار سے زیادہ پروازیں منسوخ ہیں اور ہزاروں تاخیر کا شکار ہیں۔

پروازوں کی نگرانی کرنے والی ویب سائٹ فلائیٹ اویئر ڈاٹ کام کے مطابق طوفان کی وجہ سے اتوار کو 2ہزار400 سے زیادہ امریکی پروازیں منسوخ ہوئیں۔ اس کے علاوہ سنیچر کو تقریباً 3ہزار500 اور جمعے کو 6ہزار000 پروازیں منسوخ کی گئیں۔

اٹلانٹا، شکاگو، ڈینور، ڈیٹرائٹ اور نیویارک سمیت کرسمس کے دن ہوائی اڈوں پر مسافر پھنسے رہے۔مغربی امریکی ریاست مونٹانا میں درجہ حرارت منفی 45 ڈگری تک گرنے کی اطلاعات ہیں۔

امریکہ کی مختلف ریاستوں میں امدادی کاموں کے لیے 200 نیشنل گارڈز تعینات کیے گئے ہیں اور ایمر جنسی سروسز بھی شدید متاثرہ علاقوں تک پہنچنے میں ناکام ہیں۔

امریکی ریاست مونٹانا میں درجہ حرارت منفی 45 ڈگری تک گر گیا ہے اور  ریاست مشی گن کے ساحل پر برف ہی برف ہے جب کہ  پارک میں لگے جھولے برف کے مجسموں میں ڈھل گئے۔

امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان اگلے چند دنوں میں کم ہو جائے گا لیکن شہریوں کوغیرضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔

کینیڈا میں 4 ہلاکتیں ہوئی ہیں جبکہ صوبے اونٹاریو اورکیوبک برفانی طوفان سے شدید متاثرہیں۔ کیوبک سے لے کر امریکی ریاست ٹیکساس تک 17 لاکھ صارفین کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔ برفانی طوفان سے 25 کروڑ افراد متاثر ہوئے ہیں۔

ٹورنٹو اور اوٹاوا کے درمیان مسافر ٹرین بند  ہے اور بڑے شہروں میں پروازیں معطل ہی،  سڑکوں کی صورتحال بھی انتہائی خراب ہے۔