سیاست میں کرپشن کو انتقام کا ذریعہ بنانے کے رواج کو ختم کرنا ہوگا،وزیراعظم

Spread the love

وزیراعظم پاکستان محمد شہبازشریف نے انسدادِ کرپشن کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان سے کرپشن کے ناسور کے خاتمے کے عزم کی تجدید کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی ملک کی ترقی و خوشحالی کی راہ میں کرپشن ایک بڑی رکاوٹ ہے۔کرپشن کسی بھی ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر کے اس کی معاشی و انتظامی تباہی کا باعث بنتی ہے ۔ معاشرتی اقدار کی کا زوال کسی بھی معاشرے میں کرپشن کی شرح بڑھاتا ہے ۔

وزیراعظم نے کہا کہ 2022 میں انسدادِ کرپشن کے عالمی دن پر کرپشن کے کسی بھی ملک کی سلامتی، امن اور ترقی سے براہِ راست تعلق کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔کرپشن سے ملک و قوم کا قیمتی پیسہ نہ صرف شرپسند عناصر کے ہاتھوں میں جانے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے جس سے ملک کا امن تباہ ہوتا ہے بلکہ اس سے ادارے کمزور اور لوگوں کا گورننس سے اعتبار اٹھ جاتا ہے۔ آج کا دن اس عہد کی تجدید کا بھی دن ہے کہ ہم سب پاکستانی مل کر کرپشن سےجنگ میں سرخرو ہوں۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ ملک سے کرپشن کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے۔2013 سے 2018، مسلم لیگ ن کے دورِ حکومت میں ناصرف ملک میں کرپشن کی شرح نیچے آئی، جس کی گواہ بین الاقوامی ادارے ٹرانسپرینسی انٹرنیشنل کے انڈیکس ہیں ۔ وفاقی اور جاب کی سطح پر اربوں ڈالر کے سی پیک اور دوسرے ترقیاتی منصوبے شروع کرکے پائہ تکمیل تک پہنچائے مگر کوئی بھی ان میں ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہ کر سکا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ آج کے انسدادِ کرپشن دن پر اس بات پر بھی زور دوں گا کہ پاکستان کی سیاست میں کرپشن کو انتقام کا ذریعہ بنانے کے رواج کو ختم کرنا ہوگا۔ گزشتہ دور میں جس طریقے سے کرپشن کے جھوٹے الزامات لگا کر سیاسی حریفوں کو جیلوں میں بند کیا گیا اس کی مثال نہیں ملتی۔ کرپشن کو ذاتی انتقام کی بھینٹ چڑھانے کیلئے آلے کے طور پر استعمال کیا گیا. اس روایت کو ختم ہونا چاہئیے تاکہ اداروں کو محض کرپشن کے نام پر استعمال کرنے کی بجائے صحیح معنوں میں ملک میں کرپشن کے خاتمے کے لئے اداروں کو مضبوط کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن ایک بہت بڑا قومی مسئلہ ہے ۔ ہمیں اپنی سیاسی گفتگو میں بھی اس بات کا دھیان رکھنے کی ضرورت ہے کہ اس کو سیاسی نعرے بازی اور پوائنٹ سکورنگ کیلئے استعمال کی بجائے سنجیدگی سے اس کے ملک سے سد باب کے اقدامات پر مل کر کام کریں ۔کرپشن کی روک تھام کیلئے تمام سیاسی حلقوں کو مل کر ایک واضح روڈ میپ بنانے کی ضرورت ہے تاکہ سیاسی بیان بازی کی بجائے اسکا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔

شہبازشریف نے کہا کہ ہمیں اسلام کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ملک سے کرپشن کی کمی کیلئے اداروں کو مضبوط کرنا ہوگا ۔ سماجی تحفظ اور معاشرتی اقدار کے ساتھ ساتھ قانون کی بالادستی یقینی بنانی ہوگی۔ قائد کے کرپشن سے پاک پاکستان کے حصول کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا تب ہی پاکستان ترقی کے سنگِ میل عبور کر سکے گا۔ آئیں انسدادِ کرپشن کے اس عالمی دن پر عہد کریں کہ ہم مل کر اس خواب کو شرمندہء تعبیر کریں گے۔