توہین الیکشن کمیشن،عمران خان اور دیگرکو نوٹس جاری

Spread the love

سپریم کورٹ نے توہین الیکشن کمیشن کے کیس میں عمران  خان ، فواد چوہدری اور اسد عمرکو نوٹس جاری کردیے۔سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے توہین الیکشن کمیشن کی درخواست پر سماعت کی ۔الیکشن کمیشن نے عدالت عظمی سے مختلف ہائیکورٹس میں زیر التواء کیسز کو کسی ایک ہائیکورٹ مین منتقل کرنے کی درخواست کی ہے۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے الیکشن کمیشن کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا سپریم کورٹ کے مختلف ہائیکورٹس کے کیسز یکجا کرنے کے فیصلے کی مثال موجود ہے؟وکیل الیکشن کمیشن نے بتایا کہ سپریم کورٹ نے 1999 میں مختلف ہائیکورٹس میں زیر التوا انکم ٹیکس کیسز یکجا کرنے کا حکم دیا تھا ۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ مختلف ہائیکورٹس میں زیر التوا کیسز یکجا کرنے میں قانونی نکتہ ایک ہونا ضروری ہے۔ جسٹس عائشہ اے ملک نے ریمارکس دیئے کہ کہ پیمرا کیسز میں سپریم کورٹ قرار دے چکی کہ ہائیکورٹس کے کیسز چلتے رہیں یکجا نہیں ہوں گے۔ ہائیکورٹس میں توہین الیکشن کمیشن کیسز میں درخواست گزار کون ہیں؟وکیل الیکشن کمیشن نے بتایا کہ ہائیکورٹس میں الیکشن کمیشن کیخلاف عمران خان، فواد چوہدری اور اسد عمر نے کیسز کر رکھے ہیں۔ مختلف ہائیکورٹس میں ایک ہی نوعیت کے کیسز سے متضاد فیصلے ہوں گے۔ جسٹس عائشہ اے ملک نے ریمارکس دیئے کہ متضاد فیصلے جب سپریم کورٹ آئے تو فیصلہ ہو جائے گا ۔ سپریم کورٹ نے عمران خان، فواد چوہدری اور اسد عمر کو نوٹس جاری کر دیئے، کیس کی سماعت پندرہ دن کے لیے ملتوی کر دی گئی ۔۔