تحریک انصاف کا منگل سے مارچ شروع کرنے کا اعلان

Spread the love

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ایک بار پھر 8 نومبر بروز منگل سے لانگ مارچ شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔

شوکت خانم ہسپتال لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لانگ مارچ وزیرآباد سے ہی شروع ہوگا ، روزانہ کارکنوں سے ویڈیو لنک سے خطاب کروں گا ۔ راولپنڈی میں قافلے میں پہلے سے طے شدہ پلان کے مطابق اکٹھے ہوں گے اور اسلام آباد جائیں گے ۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ہمیں پتہ ہے ارشد شریف کو کس نے قتل کیا۔ ارشد شریف کے قتل اور سائفر کی تحقیقات کیلئے بھی کمیشن بنایاجائے،اعظم سواتی کے معاملے کی بھی تحقیقات کی جائیںسائفر معاملے کی بھی تحقیقات کرائی جائیں۔شہباز شریف نے جوڈیشل کی بات کی ہے  ، میں اس کا خیر مقدم کرتا ہوں لیکن جوڈیشل کمیشن کیا کرے گا ؟ ایف آئی آر درج کرانا میرا حق ہے لیکن جن تینوں کا نام لے رہا ہوں ان کے استعفیٰ کے بغیر شفاف تحقیقات نہیں ہو سکتیں۔

عمران خان نے کہا کہ ملزم کا ویڈیو بیان کیسے لیک ہوا اس کی تحقیقات ہونی چاہیے۔ میں سابق وزیر اعظم ہوں اور اپنی پارٹی کا سربراہ بھی ہوں۔ 3 دن ہوگئے ہیں پنجاب میں ہماری حکومت ہے لیکن ایف آئی آر درج نہیں کرا پائے۔ یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ ہماری اپنی پولیس منع کر رہی ہے۔ میں اپنی ایف آئی آر درج نہیں کراسکتا تو عام آدمی کا کیا ہو گا۔