کراچی بلدیاتی انتخابات کب ہوں گے ، الیکشن کمیشن پھرفیصلہ نہ کر سکا

Spread the love

الیکشن کمیشن آ ف پاکستان  کا اہم اجلاس  چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی  میں ہوا۔اجلا س میں  الیکشن کمیشن ممبران کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمیشن اور سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن نے شرکت کی۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن کو کراچی میں بلدیاتی انتخابا ت  کے انعقاد کے حوالے سے  صوبائی حکومت کی رپورٹ پربریف کیا گیا۔

صوبائی حکومت  سندھ نے اپنی رپورٹ  میں تحریر کیا  کہ بلدیاتی انتخابات  کے انعقاد کے لئے  پولیس کی نفری  ناکافی ہے  اور سندھ  کے دوسرے  اضلاع  سے منگوانا  ممکن نہیں  ہے ۔ مزید پولیس اہلکار وزارت داخلہ  کی درخواست پر اسلام آباد  بھجوائے  گئے ہیں۔ اس کے علاوہ  کووڈ  ویکسی نیشن اور انٹرنیشنل دفاعی نمائش  ، سمینا ر میں ان  کی تعیناتی  ضروری ہے   لہذا کراچی  میں بلدیاتی انتخابات  کا پُرامن  انعقاد ناممکن  ہے ۔

ڈائریکٹر جنر ل ایکسپورٹ  پروموشن آرگنائزیشن نے ایک خط  وزارت  دفاع  کو لکھا ہے کہ انٹرنیشنل  دفاعی نمائش ، سیمینار 15 نومبر 2022 سے 18 نومبر 2022 کے درمیان  کراچی  ایکسپوسنٹر میں منعقد ہو  رہا ہے جس کی کاپی  الیکشن کمیشن آف پاکستان  کو بھی بھیجی گئی ہے ۔

ڈائریکٹر  جنرل نے  وزارت دفاع  کو مطلع کیا ہے کہ  دونوں  ایونٹ یعنی دفاعی نمائش ، سمینا ر  اور کراچی  کے بلدیاتی انتخابات  کو ایک ساتھ  سکیورٹی  مہیا کرنا  قانون  نافذ کرنے  والےاداروں  کےلئے مشکل  ہوگا۔ اس لئے الیکشن کمیشن  کو اس سے متعلق مطلع  کیا جائے تاکہ ان کو  انتخابا ت  کی تاریخ  کافیصلہ کرنے میں آسانی ہو۔

الیکشن کمیشن  نے جماعت اسلامی  کی طرف سے فوری انتخابات کے انعقاد  کے خط پر بھی غور  کیا اور فیصلہ  کیا کہ لوکل گورنمنٹ  انتخابات  کا کیس  الیکشن کمیشن  میں سماعت کے لئے 9 نومبر 2022 کو مقرر کیا جائے ۔ جس میں سیکرٹری داخلہ ، چیف  سیکرٹری   اور  آئی جی سندھ  کو نوٹس  جاری کئے  جائیں ۔ مزید جماعت اسلامی    پاکستان  ، پاکستان تحریک انصاف ، پیپلزپارٹی  اور ایم کیوا یم  پاکستان  کو بھی بلایا  جائے گا تاکہ وہ اگر پنا موقف  پیش  کرنا چاہیں  تو پیش کریں تاکہ کراچی  کے تمام اضلاع  میں بلدیاتی انتخابات  کے انعقاد  کی تاریخ  کا فیصلہ تمام سٹیک ہولڈروں  کو سننے  کے بعد کیا جا سکے ۔۔