ٹوئٹربلیو ٹک کے لئے ماہانہ فیس مقرر پر کام شروع

Spread the love

مائکروبلاگنگ اور سوشل نیٹ ورکنگ سروس ٹوئٹر کو خریدنے کے بعد ایلون مسک  صارفین کے اکاونٹس کی ویریفکیشن کے لیے ان سے ہر ماہ ایک مقررہ فیس لینے پر غور کر رہے ہیں۔

ٹوئٹر کے انتظامی امور سے واقف دو عہدیداروں کے مطابق صارفین کو بلیو ٹک کے لیے ماہانہ 4.99 ڈالر ادا کرنے ہوں گے لیکن بعد میں اسے بڑھا کر 19.99 ڈالر ماہانہ کر دیا جائے گا۔ جو ادائیگی نہیں کرے گا ان کے "تصدیق شدہ” اکاونٹس سے بلیو ٹک ہٹا دیا جائے گا ۔

ایلون مسک نے ایک ٹویٹ کرکے بتایا کہ ٹوئٹر اپنے صارفین کے ویریفیکیشن کے عمل پر نظر ثانی کرے گی۔ تصدیق کے پورے عمل کو ابھی بہتر بنایا جا رہا ہے۔

ٹوئٹر کی طرف سے جاری ایک رپورٹ کے مطابق ایلون مسک نے اس حوالے سے ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے ۔اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے مطابق اس منصوبے کو فی الحال ختم بھی کیا جا سکتا ہے لیکن یہ بات تقریباً طے ہے کہ ویریفیکیشن اب ٹوئٹر بلیو کا حصہ بن جائے گا۔

عالمی ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ٹوئٹر نے اپنے ملازمین سے اس پروجیکٹ پر تیزی سے کام کرنے کے لیے کہا ہے۔ انہیں اس نئے فیچر کو متعارف کرانے کے لیے 7 نومبر تک کا وقت دیا گیا ہے اور ایسا نہ کرنے کی صورت میں انہیں ملازمت سے فارغ کرنے کی وارننگ دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے 44 ارب ڈالر کے بدلے میں ٹوئٹر کو اپنے کنٹرول میں لینے کے فوراً بعد ہی ایلون مسک نے ٹوئٹر کے سی ای او بھارتی نژاد پراگ اگروال، قانونی شعبے کی سربراہ وجے گڈے اور چیف فائنانشیل افسر نیل سیگال کو ملازمت سے فارغ کر دیا تھا۔

ایلون مسک نے کہا تھا کہ وہ ٹوئٹر کو "آزاد” جگہ بنانا چاہتے ہیں اور انسانیت کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں۔