عمران خان کی فائنل کال ،28اکتوبر سے لانگ مارچ کا اعلان

Spread the love

تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیراعظم عمران خان نے جمعہ 28 اکتوبر سے لانگ مارچ شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے بتایا کہ لانگ مارچ کا آغاز لاہور کے لبرٹی چوک سے دن 11 بجے ہو گا۔

عمران خان نے کہا کہ ہماری حکومت کے خلاف انہوں نے 3 لانگ مارچ کیے ۔ ایک بلاول، دوسرا مولانا فضل الرحمان جبکہ تیسرا مریم نواز نے کیا۔ ہم نے کبھی کسی لانگ مارچ کو نہیں روکا۔ مریم نواز کا لانگ مارچ کیا تھا جو گجر خان میں کہیں رہ گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے کہتے ہیں ملک مشکل میں ہے لانگ مارچ نہ کریں مگر ملک کے حالات اور صورت حال ایسی ہے کہ اب عوام کا مطالبہ یہی ہے کہ امپورٹڈ حکومت کے خلاف نکلا جائے۔ اسلام آباد میں عدالتی احکامات پر عمل کریں گے۔

سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ  یہ لانگ چوروں سے آزادی حاصل کرنے کی جنگ ہے ۔  ہم جی ٹی روڑ سے اسلام آباد پہنچیں گے، پورے پاکستان سےعوام اسلام آباد پہنچیں گے، لانگ مارچ میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا انسانوں کا سمندر ہوگا۔ ساری قوم کو اپیل کروں گا کہ وہ حقیقی آزادی کیلیے باہر نکلیں۔