حکومت پاکستان کا ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کے لئے کمیشن بنانے کا فیصلہ

Spread the love

وزیراعظم شہباز شریف کا سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب کے بیان کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے ہائی کورٹ کے جج کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ عدالتی کمیشن کے سربراہ حقائق کے تعین کے لئے سول سوسائٹی اور میڈیا سے بھی رکن لے سکیں گے ۔ وزیراعظم نے یہ فیصلہ مرحوم ارشد شریف کے جاں بحق ہونے کے اصل حقائق کے تعین کے لئے کیا ۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے سینئر صحافی ارشد شریف قتل کی تحقیقات کے لیے فیکٹ فائنڈنگ کمیشن کی تشکیل کیلئے دائر درخواست میں انکوائری کے معاملہ پر صحافتی تنظیموں کو بھی آن بورڈ رکھنے کی ہدایت کردی۔

بیرسٹرشعیب رزاق کی درخواست پر سماعت کے دوران چیف جسٹس نے استفسار کیاکہ ارشد شریف کی فیملی کے پاس کوئی گیا ہے؟ انہیں کوئی معاونت چاہئے؟، جس پر بیرسٹرشعیب رزاق نے بتایا کہ ارشد شریف کی ڈیڈ باڈی بھی آج پاکستان پہنچ جائے گی ۔ ہماری استدعا ہے کہ قتل کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے ۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ دومختلف ملکوں کا معاملہ ہے، ریاست کے ادارے بہتر طور پر اس معاملے کو حل کرسکتے ہیں ۔ وکیل نے بتایا کہ حکومت نے متحدہ عرب امارات حکومت سے ارشد شریف کی واپسی کاکہاتھا ۔

چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس میں کہا کہ آج صرف اسی کیس کی سماعت کے لیے آیا ہوں۔ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہاکہ یہ ایک افسوسناک واقعہ ہوا ہے،کینیا کی حکومت کی جانب سے رپورٹ آ جائے،اگر انہیں اس پر کوئی اعتراض ہوا تو اس کیس کو مزید سن لیا جائے،عدالت نے کہاکہ انکوائری کے معاملے پر صحافتی تنظیموں کو آن بورڈ رکھا جائے،اس مرحلے پر کمیشن بنانے کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا،عدالت نے کیس کی سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کر دی۔