فرح گوگی کی انٹری،راناثناء اللہ کو5 ارب کا نوٹس

Spread the love

وفاقی وزیر رانا ثناللہ کی جانب سے لگائے گئے الزامات پرفرحت شہزادی عرف فرح گوگی بھی میدان میں آ گئی ہیں۔ فرحت شہزادی نے وفاقی وزیرداخلہ راناثناللہ کو پانچ ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا۔ ہتک عزت کا نوٹس سینئر قانون دان اظہر صدیق کے ذریعے بھجوایا گیا ہے۔

فرح گوگی کے وکیل کی جانب سے بھجوائے گئے قانونی نوٹس میں کہا گیا کہ راناثناللہ نے جھوٹے الزامات لگائے جس سے نیک نامی متاثر ہوئی ۔جھوٹے الزامات پر مبنی بیانات کی چینلز اور سوشل میڈیا کے ذریعے تشہیر کی گئی۔

لیگل نوٹس میں مزید کہا گیا کہ رانا ثناللہ سات دن کے اندر معافی مانگیں ورنہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کے لیےعدالتوں سے رجوع کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ رانا ثنا اللہ نے الزام لگایا تھا کہ عثمان بزدار نام کے وزیر اعلیٰ تھے۔ وہ فرح گوگی کے ذریعے آنے والے حکم کا نفاذ کرتے تھے ۔انہوں نے تقرر و تبادلوں میں اربوں روپے جمع کیے تھے۔

لیگی رہنما کا الزام تھا کہ ٹرانزیکشن کے ذریعے معلوم ہوا ہے کہ فرح نے کروڑوں روپے باہر بھیجے ہیں اور لگتا ہے کہ عمران خان نے ایمنسٹی اسکیم فرح گوگی کے لیے نکالی تھی کیونکہ اس سے وہ کافی مستفید ہوئیں ۔