عمران خان کی ہارس ٹریڈنگ پر مبینہ گفتگو کی آڈیو لیک

Spread the love

ستمبر کے بعد اکتوبر میں بھی آڈیو لیکس کا سلسلہ جاری ہے ۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ایک اور مبینہ آڈیو لیک ہو گئی ہے جس میں وہ ایم این ایز کو خریدنے کی بات کر رہے ہیں۔ نئی مبینہ آڈیو میں سنا جا سکتا ہے کہ سابق وزيراعظم عمران خان ارکان اسمبلی کی خرید و فروخت کی بات کررہے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان مبینہ طور پر اپنی کابینہ سے کہہ رہے ہیں کہ آپ کو يہ غلط فہمی ہو گئی ہے کہ اب نمبر گيم پوری ہو گئی ہے ۔ يہ نمبر ايسا ہے نہيں، ايسا مت سوچيں کہ سب ختم ہو گيا۔

اس آڈیو میں عمران خان یہ کہتے ہوئے بھی سنا جا سکتا ہے کہ اب سے لے کر 48 گھنٹے بہت اہم ہيں ۔ اس ميں بڑی چيزيں ہو رہی ہيں، میں اپنی طرف سے کئی چالیں چل رہا ہوں ہم اسے پبلک نہیں کر سکتے۔ پانچ ایم این ایز تو میں خرید رہا ہوں، میرے پاس جو 5 ہیں، وہ بڑے اہم ہیں۔

سابق وزیراعظم مبینہ آڈیو میں کسی کا اشارہ کرتے ہوئے ہدایت دے رہے ہیں کہ اس کو کہیں کہ اگر وہ ہمیں 5 ارکان مزید لے دے تو 10 ہو جائیں گے اور یہ گیم ہمارے ہاتھ میں ہے۔

عمران خان کہہ رہے ہیں کہ اس وقت قوم الارم ہوئی ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ ہم کسی طرح بھی جیت جائیں، اس لئے کوئی فکر نہ کریں کہ یہ ٹھیک ہے یا غلط ہے، کوئی بھی حربہ ہو، اگر کوئی ایک ایک بھی ایم این اے توڑ دیتا ہے تو اس سے بھی بہت فرق پڑے گا۔